سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2023 کے آغاز میں پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے جا رہا ہے۔ اب آئندہ سال سے جو صارفین اپنے لاگ ان پاس ورڈ دوسروں سے شیئر کریں گے ان سے اضافی چارج فیس لی جائے گی۔
نیٹ فلکس نے ایک بیان میں کہا: ’صارفین کی رائے جاننے کے بعد ہم (لاگ ان پاس ورڈ) ادھار لینے والوں کے لیے نیٹ فلکس پروفائل کو ان کے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے اہل بنانے جا رہے ہیں اور پاس ورڈ کو دوسرے میں بانٹنے والوں کو ان کی ڈیوائسز کو زیادہ آسانی سے منظم کرنے اور ذیلی اکاؤنٹس (اضافی ممبر) بنانے کی اجازت دیں گے اگر وہ اپنے خاندان یا دوستوں کے لیے ادائیگی کرنا چاہتے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے کم قیمت اور اشتہاروں کی مدد سے چلنے والے پلان والے ممالک میں لاگ ان ادھار لینے والوں کے لیے پروفائل کی منتقلی کا اختیار خاص طور پر مقبول ہو گا۔‘
نیٹ فلکس نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا ہے کہ صارفین سے کتنے اضافی چارجز لیے جائیں گے تاہم لاطینی امریکہ میں جو تجرباتی سروے کیے گئے ہیں ان میں ماہانہ چار پاؤنڈ یا 25 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں تقریباً دو لاکھ سبسکرائبرز اور دوسری سہ ماہی میں تقریباً دس لاکھ صارفین کی کمی کا سامنا کرنے کے بعد ویڈیو سٹریمنگ کمپنی اپنی آمدنی بڑھانے پر زور دے رہی ہے۔
تاہم ایسا لگتا ہے کہ یہ رجحان بدل گیا ہے کیوں کہ کمپنی نے تیسری سہ ماہی کے دوران سبسکرائبرز کی تعداد میں 24 لاکھ سے زیادہ اضافے کی رپورٹ دی تھی۔ توقع ہے کہ اگلے تین ماہ میں 45 لاکھ نئے صارفین شامل ہو جائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاس ورڈ ایک دوسرے سے بانٹ کر دیکھنے والوں پر سختی کرنے کے ساتھ ساتھ نیٹ فلکس نے حال ہی میں ’بیسک ود ایڈز کے نام سے اشتہاروں والے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے جس کی برطانیہ میں ماہانہ لاگت 4.99 پاؤنڈ ہو گی اور اس کا تین نومبر سے آغاز ہو گا۔
صارفین ٹی وی اور موبائل ڈیوائسز پر ویڈیوز دیکھ سکیں گے لیکن بیسک کے ساتھ اشتہارات اور بنیادی پلان دونوں کے لیے ویڈیو کا معیار 720p/HD تک محدود ہو گا اور اس میں فی گھنٹہ چار سے پانچ منٹ کے اشتہارات شامل ہوں گے۔
لانچ کے وقت اشتہارات کا دورانیہ 15 یا 30 سیکنڈ ہو گا جو سیریز اور فلموں سے پہلے اور اس کے درمیان چلائے جائیں گے لیکن لائسنسنگ کی پابندیوں کی وجہ سے کچھ فلمیں اور ٹی وی سیریز دستیاب نہیں ہوں گی اور متعدد ڈیوائسز سے سٹریم کرنے یا ٹائٹلز ڈاؤن لوڈ کرنے کی اہلیت بھی نہیں ہو گی۔
نیٹ فلکس نے کہا کہ ایسا آف لائن شوز پر اشتہارات دکھانے کی ’تکنیکی پیچیدگیوں‘ کی وجہ سے ہے۔
© The Independent