بنگلہ دیش کے خلاف قومی انڈر 19 سکواڈ کا اعلان، سعد بیگ کپتان

پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ایک چار روزہ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز چار نومبر سے 18 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

سعد بیگ پاکستان جونیئر لیگ میں حیدرآباد ہنٹرز کے کپتان تھے (ٹوئٹر/ حیدر آباد ہنٹرز)

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے انڈر 19 سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین سعد بیگ کریں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک چار روزہ، تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز چار نومبر سے 18 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے آخری دو ایک روزہ میچز کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز سے تبدیل کر دیا ہے تاکہ نوجوان کرکٹرز کو تمام فارمیٹ کا تجربہ ہو سکے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان کون ہیں؟

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی انڈر 19 ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری کراچی سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ سعد بیگ کو سونپی گئی ہے جو رواں سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔

سعد بیگ نے نیشنل انڈر 19 کپ میں 99 سے زیادہ کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے 299 رنز سکور کیے اور ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین بلے باز رہے۔

سندھ بلیو سے کھیلنے والے سعد نے چار میچز میں دو سینچریاں سکور کیں۔

ان کی وکٹ کیپنگ کی بات کی جائے تو انہوں نے وکٹوں کے پیچھے نو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ تین روزہ نیشنل انڈر 19 چیمپیئن شپ میں بھی سعد بیگ نے چھ میچوں میں 200 رنز اور 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سعد بیگ پاکستان جونیئر لیگ میں حیدر آباد ہنٹرز کے بھی کپتان ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے ساتھ ساتھ ڈیرہ مراد جمالی سے تعلق رکھنے والے باسط علی کو بھی پاکستان جونیئر لیگ، نیشنل ون ڈے اور تین روزہ ٹورنامنٹس میں شاندار پرفارمنس پر بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے انڈر 19 سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

باسط وہ واحد بلے باز ہیں جنہوں نے پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں سنچری سکور کی اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے ساتھ ساتھ بہترین بلے باز کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

انہوں نے پاکستان جونیئر لیگ میں 63 سے زیادہ کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے 379 رنز بنائے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچ چار سے سات نومبر تک کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کا سامنا تین ایک روزہ میچز (45 اوورز) میں ہوگا جو 10، 12 اور 14 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

اسی سیریز کے دوران کھیلے جانے والے دو ٹی 20 میچز 16 اور 18 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ