ورچوئل رئیلٹی سے کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا کرتے جڑواں بھائی

حیدرآباد کے رہائشی سافٹ انجینیئر بھائیوں ہالار اور ولہار کو شوق تو بھرے میدان میں کرکٹ کھیلنے کا تھا، مگر وہ حقیقی زندگی میں یہ خواب پورا نہیں کر سکے، جس کے لیے انہوں نے دوسرا طریقہ اپنایا۔

سندھ کے شہر حیدر آباد کے دو جڑواں بھائیوں ہالار اور ولہار کو بھرے میدان میں کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا، مگر وہ حقیقی زندگی میں یہ خواب پورا نہیں کر سکے۔ پھر انہوں نے اپنا یہ خواب ورچوئل رئیلٹی کے ذریعے پورا کرلیا۔

ہالار اور ولہار نے سافٹ ویئر انجینیئرنگ میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ ابتدا میں انہوں نے مختلف کمپنیوں میں ملازمت کی، لیکن پھر انہیں خیال آیا کہ کچھ نیا کیا جائے۔

جس کے بعد انہوں نے ’دی فائنل اوورز‘ نامی کرکٹ کی ورچوئل رئیلٹی گیم بنائی، جس پر انہیں بہت پذیرائی ملی۔ پھر انہوں نے نجی ملازمت چھوڑ کر ’میکزئیل‘ کے نام سے اپنی وی آر کمپنی قائم کی، جس میں ان کے ساتھ دیگر نو افراد کام کر رہے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ہالار اور ولہار نے بتایا: ’ہر پاکستانی کی طرح ہمیں بھی بچپن سے کرکٹ کا جذبہ تھا، لیکن موقع نہ مل پانے کی وجہ سے اپنے خواب کو ورچوئل رئیلٹی کرکٹ گیم بنا کر پورا کیا، آج اس گیم کو پوری دنیا سے ہزاروں لوگ کھیلتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا: ’گیم بنانے کے بعد موٹیویشن ملی، جس کے بعد ہم نے اپنی وی آر کمپنی کھولنے کا ارادہ کیا جو بہت اچھی چل رہی ہے۔ کرکٹ گیم کا شوق بھی پورا ہو رہا ہے اور اچھی کمائی بھی ہو رہی ہے۔‘

پاکستان میں میٹاورس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میٹاورس دنیا کا مستقبل ہے۔ پاکستان میں بھی بہت سارے لوگ اس پر کام رہے ہیں۔ اس وقت یہ بہت ضروری ہے کہ آئی ٹی میں پڑھنے والے طلب عالم میٹاورس کو پڑھیں، اسے سمجھیں اور اس کے لیے کام کرنا شروع کریں۔‘

انہوں نے ویب ڈیویلپمنٹ پر کام کرنے والے روایتی پروگرامرز کو مشورہ دیا کہ ’وہ میٹاورس پر کام کرنا سیکھیں تو پھر آپ کو بہت سارے مواقع ملیں گے اور کافی کامیابی ملی سکتی ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی