ایک ہی وقت میں دونوں ہاتھوں سے مصوری کرنے والے آرٹسٹ

نوروز نے خواہش کا اظہار کیا کہ سندھ کے سکولوں میں انہیں بطور ڈرائنگ ٹیچر مقرر کیا جائے تاکہ وہ نوجوانوں کو یہ ہنر منتقل کرسکیں۔

اکثر آرٹسٹ ایک ہاتھ سے تصاویر بناتے ہیں لیکن کیا آپ نے کوئی ایسا آرٹسٹ دیکھا ہے جو بیک وقت اپنے دونوں ہاتھوں سے سکیچ بناتا ہو؟

 صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں ایسے ہی ایک نوجوان موجود ہیں جو بیک وقت دونوں ہاتھوں سے سکیچ اور پینٹنگ بنانے کی مہارت رکھتے ہیں۔

نوجوان نوروز احمد لغاری کا شعبہ ویسے تو تعلیم ہے لیکن ان کا جنون پینٹنگز اور آرٹ کو کینوس پر اتارنا ہے۔ اس ہی جنون کی وجہ سے وہ اپنے علاقے میں بھی پہچانے جاتے ہیں۔

انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں نوروز نے بتایا کہ انہوں نے ’یہ کام کرونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں اس سوچ کے تحت شروع کیا تاکہ اس قیمتی وقت میں ایسا کام کیا جائے جو مستقل میں بھی کارآمد ثابت ہو سکے۔‘

نوروز احمد نے خاص طور پر پاکستانی کرکٹرز کے سکیچز بنا کر اپنی گیلری میں سجا رکھے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان شخصیات میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہ نواز دھانی سمیت دیگر کرکٹرز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے سیاست دانوں کے بھی سکیچز بنائے ہیں، جن میں قائد اعظم محمد علی جناح، بے نظیر بھٹو اور عمران خان شامل ہیں۔

سیاسی شخصیات کے علاوہ نامور اداکاروں اور گلوکاروں میں فہد مصطفیٰ، حمزہ عباسی، عابدہ پروین اور عاطف اسلم شامل ہیں۔

نوروز کے مطابق ’ایک سکیچ کی قیمت ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک ہے۔‘

نوروز کا کہنا ہے: ’میرا مقصد ہے کہ سکیچز بنا کر ان قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کروں جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ‘

انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ سندھ کے سکولوں میں انہیں بطور ڈرائنگ ٹیچر مقرر کیا جائے تاکہ وہ نوجوانوں کو یہ ہنر منتقل کرسکیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی آرٹ