فیفا ورلڈ کپ: جاپان نے جرمنی اور دنیا کو حیران کر دیا

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں اب کی بار جاپان نے اپ سیٹ کرتے ہوئے چار مرتبہ کے عالمی چیمپیئن جرمنی کو شکست دے دی ہے۔

جاپان اور جرمنی کے درمیان میچ بدھ کو کھیلا گیا (اے ایف پی)

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں اب کی بار جاپان نے اپ سیٹ فتح حاصل کی ہے جہاں اس نے چار مرتبہ کے عالمی چیمپیئن جرمنی کو شکست دی۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ ای کی دو ٹیموں جاپان اور جرمنی کے درمیان بدھ کو میچ کھیلا گیا جس میں جاپان نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی۔

جاپان نے سعودی عرب کی طرح پہلا گول پڑنے کے بعد اوپر تلے گول کیے اور اس برتری کو آخر تک برقرار رکھا۔

اس میچ میں جرمنی نے بالکل ارجنٹائن کی طرح ہی پہلا گول پینلٹی پر کیا اور میچ میں برتری حاصل کر لی۔

جرمنی نے پہلا گول میچ کے 33ویں منٹ میں کیا اور پھر اس برتری کو 75ویں منٹ تک برقرار رکھا۔

تاہم میچ کے 75ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے تاکونا آسانو نے گول کر کے جرمنی کی برتری ختم کر دی۔

مگر یہاں بھی جاپان نے بالکل سعودی عرب ہی کی طرح زیادہ وقت ضائع نہیں کیا اور فوراً ہی دوسرا گول کر کے برتری حاصل کر لی۔

جاپان کی جانب سے دوسرا گول رتسو دوان نے 83ویں منٹ میں کیا اور اس کی یہ برتری آخر تک برقرار رہی۔

عالمی مقابلوں میں یہ پہلا موقع ہے جب جاپان نے پہلا گول پڑنے کے بعد میچ میں واپسی کی اور فتح حاصل کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگر اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو جرمنی 65 فیصد اس میچ پر حاوی رہ کر بھی جیت نہ پایا جبکہ جاپان 25 فیصد ہی پوزیشن رکھ کر فتح یاب ہو گیا۔

سعودی عرب کی طرح جاپان کے گول کیپر نے عمدہ کھیل پیش کیا اور جرمنی کی طرف سے گول پر کیے گئے آٹھ حملوں کو ناکام بنایا۔

یہاں یہ واضح کرتے چلیں کہ آخر سعودی عرب اور اجنٹائن کا ذکر کیوں بار بار کیا جا رہا ہے۔

تو بات ایسی ہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے اپ سیٹ فتح حاصل کی تھی۔

سعودی عرب نے بھی ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال