قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 میں سعودی عرب نے اپ سیٹ کرتے ہوئے دو بار کی چیمپیئن ارجنٹائن کو شکست دے دی ہے۔
سعودی عرب نے منگل کو کھیلے جانے والے اپنے پہلے گروپ میچ میں ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔
اس فتح کی خوشی میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر بدھ 23 نومبر کو مملکت بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ہدایت جاری کی ہے کہ ’بدھ کو تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کی چھٹی ہوگی۔‘
اس کے علاوہ تمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لیے بھی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی ارجنٹائن کے خلاف فتح پر سعودی عرب کو مبارک باد دی ہے۔
What a game of football it was! Saudi Arabia made history today by staging the biggest upset in FIFA World Cup thriller against Argentina. Heartiest congratulations to HRH Crown Prince Mohammed Bin Salman. We share the happiness of our Saudi brothers & sisters on this great win.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 22, 2022
شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’کیا خوب فٹ بال میچ تھا! سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے خلاف سب سے بڑا اپ سیٹ کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔ ہم اپنے سعودی بہن، بھائیوں کی اس خوشی میں شریک ہیں۔‘
میچ میں کیا ہوا
میچ کا آغاز تو ارجنٹائن نے پینلٹی پر گول کر کے کیا تاہم اس کے بعد جس انداز میں سعودی عرب نے میچ میں واپسی کی وہ قابل تعریف ہے۔
ارجنٹائن کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے میچ کے 10ویں منٹ پر کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلاوا دی تھی۔
اس کی یہ برتری 48ویں منٹ تک برقرار رہی۔ میچ کے اس لمحے پر سعودی عرب کی جانب سے صالح الشھری نے پہلا گول کر کے میچ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔
مگر سعودی عرب یہیں نہیں رکا اور فوراً ہی دوسرا گول کر کے ارجنٹائن پر برتری حاصل کر لی۔
سعودی عرب کی طرف سے دوسرا گول میچ کے 53ویں منٹ پر سالم الدوسیری نے کیا۔
اوپر تلے دو گول کرنے کے بعد سعودی عرب کے کھلاڑیوں کا اعتماد آسمان چھوتا دکھائی دے رہا تھا اور انہوں نے ارجنٹائن کو مقابلہ جیتنا تو دور برابر کرنے کا بھی موقع نہیں دیا۔
میسی کی قیادت میں کھیلنے والی ارجنٹائن کی ٹیم دباؤ میں دکھائی دی جس کی سب سے بڑی وجہ سعودی عرب کا ڈیفینس اور خاص طور پر گول کیپر کی کارکردگی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کے گول کیپر دنیا کی نمبر تین ٹیم ارجنٹائن کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کو مسلسل ناکام بناتے رہے۔
میچ شروع ہونے سے پہلے کسی کو بھی اس طرح کے نتیجے کی امید نہیں تھی، لیکن سعودی عرب اپنے پہلے ہی میچ میں اپ سیٹ کرنے کے بعد گروپ سی میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
سعودی عرب کو اپنے گروپ میں اب میکسیکو اور پولینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔ اس جیت کے بعد سعودی عرب کا اعتماد تو عروج پر ہوگا، وہیں میکسیکو اور پولینڈ کو یہ نتیجہ ذہن میں رکھتے ہوئے میدان میں اترنا ہوگا۔
ارجنٹائن اور سعودی عرب کے درمیان میچ اس وقت پاکستان کے سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔
Congratulations Saudi Arabia on wonderful win against Argentina. Don't miss the moment.#ARGvsKSA #ARGKSA #FIFAWorldCup #السعوديه_الارجنتين pic.twitter.com/MYyqfdQJOl
— Wali Khan (@WaliKhan_TK) November 22, 2022
سوشل میڈیا پر قطر میں سٹیڈیم کے باہر سعودی عرب کی جیت کا جشن مناتے شائقین کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی ہیں جبکہ دوسری لیونل میسی کو تنقید کا نشانہ بناتی میمز بھی دکھائی دے رہی ہیں۔