ایوشمان اور نورا کے ’جیہڑا نشہ‘ کا جادو فلم پر کیوں نہ چلا؟

امر جلال اور فرید کوٹ گروپ کے اس گانے کو ری میک کی شکل میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’این ایکشن ہیرو‘ میں شامل کیا گیا ہے۔

17 نومبر کو انسٹا گرام پر گانے کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے ایوشمان نے لکھا: ’جیہڑا نشہ ایک بار پھر دلوں کو مسحور کرنے کے لیے آیا چاہتا ہے (ویڈیو سکرین گریب/یوٹیوب)

کیا آپ کسی یونانی دیوتا کو ایک خوبصورت پری کے ساتھ رقص کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں؟ یوٹیوب پر جا کر نورا فتحی اور ایوشمان کھرانہ کا ہیپی ڈانس نمبر ’جیہڑا نشہ تیری اکھاں وچوں آوے مینوں‘ سرچ کر لیجیے۔

گانا اتنا مدھر کہ کان سنتے نہ تھکیں، رقص ایسا کہ نگاہیں ہٹائیں نہ ہٹیں۔ ایک ایسا نشہ جس کی خماری کم ہونے میں ہی نہیں آتی۔

17 نومبر کو انسٹا گرام پر گانے کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے ایوشمان نے لکھا: ’جیہڑا نشہ ایک بار پھر دلوں کو مسحور کرنے کے لیے آیا چاہتا ہے۔‘

پوسٹر میں وہ سفید رنگ کے سوٹ میں ملبوس تھے جبکہ نورا نے سجیلا چمکدار چاندی کا لباس پہن رکھا تھا۔ 

نورا نے بھی اس کا پوسٹر انسٹاگرام پر پوسٹ کیا اور ساتھ میں لکھا: ’خود کو کھو دینے کے لیے تیار ہو جاؤ، اگر پوسٹر ایسا ہے تو آپ صرف تصور ہی کر سکتے ہیں کہ گانا کیسا ہو گا! جیہڑا نشہ جلد ہی ریلیز ہوگا۔‘

اس وقت چونکہ گانا ریلیز نہیں ہوا تھا اس لیے بیشتر صارفین نے نورا اور ایوشمان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ایک صارف نے نورا کی پوسٹ کے نیچے لکھا: ’خوبصورت گیت کا ناس مارنے کے سوا بالی وڈ کو اور کوئی کام نہیں۔‘

جبکہ ایک دوسرے کا کہنا تھا کہ ’ایک اور کلاسک گیا، بالی وڈ ری میک کے نام پر بھونڈا مذاق کرتا ہے، اب یہ چلن ختم ہونا چاہیے۔ ہمت کرو اور اپنے نئے گانے بناؤ۔‘

یہ گانا پہلی مرتبہ امر جلال اور فرید کوٹ گروپ نے 2019 میں پیش کیا تھا، جس نے پنجاب کے رنگ میں رچی اپنی دھن اور لب و لہجے کی تیکھی زبان سے توجہ کھینچی۔

اسے یوٹیوب پر تین کروڑ سے زیادہ دیکھا جا چکا ہے۔ اس کی مقبولیت کی وجہ سے ابتدائی طور پر پرستار اس کے ری میک سے ہرگز خوش نہیں تھے۔

اسے ری میک کی شکل میں دو دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’این ایکشن ہیرو‘ میں شامل کیا گیا تھا۔ اس میں دھن اور بیشتر ساز وہی رکھے گئے جو اصل میں تھے اور جو تھوڑی بہت تبدیلی درکار تھی وہ تنشک باغچی نے کی۔ آواز کا جادو جگانے والے گلوکار تھے امر جلال، آئی پی سنگھ، یوہانی اور ہرجوت کور۔

ایسا لگتا ہے ویڈیو ریلیز ہوتے ہی بڑے پیمانے پر لوگوں کی رائے نہ صرف اس گانے کے حوالے سے تبدیل ہوئی بلکہ وہ ری میک کے کلچر کو بھی سراہتے ہوئے نظر آئے۔ اس کی سب سے بڑی دلیل جیہڑا نشہ کو یوٹیوب اور انسٹا گرام پر ملنے والی پذیرائی ہے۔

تین ہفتے قبل یوٹیوب پر ریلیز ہونے کے بعد اس گانے کو ابھی تک ساڑھے چار کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے اور اب بھی یہ ٹاپ ٹرینڈنگ میں شامل ہے۔

فلم ’این ایکشن ہیرو‘ میں شامل ’جیہڑا نشہ‘ کا آغاز ایوشمان کی سیٹ پر انٹری سے ہوتا ہے جہاں وہ نورا فتحی کے ساتھ ایک ویڈیو شوٹ کرتے ہیں۔ نورا فتحی ایک جانی مانی رقاصہ ہیں اس لیے ان کا کام خوبصورت ہونے کے باوجود غیر متوقع نہیں تھا۔ جس چیز نے شائقین کو حیرت میں مبتلا کیا وہ ہے ایوشمان کی صلاحیتیں۔ سیٹ پر وہ ایسے تھرکتے نظر آئے، جیسے پرندہ ہوا کے دوش پہ اڑا چلا جا رہا ہو۔

نورا فتحی اور ایوشمان نے اپنے رقص سے نہ صرف گیت کے حسن میں اضافہ کیا بلکہ شہرت و مقبولیت کا دائرہ بھی وسیع کر دیا۔ ایوشمان کو ایک فائدہ یہ بھی ہوا کہ اس سے ان کی فلم ’این ایکشن ہیرو‘ کی خوب تشہیر ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نئی نسل کے مقبول فنکاروں میں سے ایک ایوشمان یقیناً ایسے اداکاروں میں سے ایک ہیں جو فلم ریلیز ہونے سے پہلے تشہیر کرنے اور خبروں میں رہنے کے فن سے واقف نہیں۔ ایسے میں ایکشن ہیرو کو عوام سے متعارف کروانے میں سب سے اہم کردار جہیڑا نشہ نے کیا۔

’این ایکشن ہیرو‘ جیسا کہ نام سے لگ رہا ہے کہ ایک ایکشن فلم ہے اور ایوشمان اس کے حوالے سے ابتدا سے ہی بہت پرجوش تھے۔ ’دم لگا کے ہیشا،‘ ’میری پیاری بندو،‘ ’گلابو سیتابو،‘ ’آرٹیکل 15،‘ ’بریلی کی برفی،‘ ’ڈریم گرل،‘ ’اندھادھند،‘ ’وکی ڈونر‘ اور ’ڈاکٹر جی‘ سمیت کتنی ہی فلموں میں ناظرین کا دل موہ لینے والے ایوشمان کو کچھ منفرد اور مختلف کرنے کا شوق ایکشن فلم کی طرف لے گیا۔

ان کا امیج ایک پرسکون شانت قسم کے اداکار کا بن چکا ہے۔ ان کے بقول یہ فلم ایکشن اور سنسنی سے بھرپور ہے، ایک نیا میدان جس میں وہ پہلی بار اتر رہے ہیں۔ مگر ایسا لگتا ہے کہ عوام انہیں اس نئے کردار میں دیکھنے کو تیار نہیں۔

یہاں تک کہ ایک صارف نے فیس بک پر لکھا: ’ایوشمان نے ہمیں دھوکہ دیا۔ ہم انہیں دیکھنے گئے لیکن فلم اتنی بری تھی کہ آدھ گھنٹہ برداشت نہ کر سکے۔ وہ کیا سمجھتے ہیں کہ جہیڑا نشہ کا جال پھینک کر شائقین کو تھیٹر تک کھینچ لائیں گے۔ ایسا نہیں ہو سکتا۔ اگر وہ ایسا کرتے رہے تو لوگ یوٹیوب پر ان کا ڈانس دیکھتے رہیں گے لیکن سینیما گھروں کا رخ نہیں کریں گے۔‘

بہت حد تک ایسا ہی ہو رہا ہے۔ لوگ جہیڑا نشہ پر ان کی پرفارمنس تو دھڑا دھڑ دیکھ رہے ہیں مگر ’این ایکشن ہیرو‘ ناکامی کے کنارے پر ہے۔ فلم نے افتتاحی دن صرف ایک کروڑ 31 لاکھ روپے کمائے۔ یہ فلم اجے دیوگن اور تبو کی ’دریشیام ٹو‘ اور ورون دھون اور کریتی سینن کی ’بھیڑیا‘ کے ساتھ سینیما گھروں میں چل رہی ہے جن کی کارکردگی ’این ایکشن ہیرو‘ کی نسبت بہتر ہے۔

ایوشمان ایک ہیپی میوزیکل ڈانس نمبر سے دل جیتنے میں کامیاب رہے مگر غیر رومانوی فارمولا قسم کی ایکشن فلم سے ناظرین کو تھیٹر میں لانے میں ابھی تک ناکام رہے۔ کیا اس میں ان کے لیے نشانیاں نہیں؟

دیکھتے ہیں ایوشمان آگے جا کر کیا کرتے ہیں مگر شائقین ’جہیڑا نشہ‘ جیسی پرفارمنس کے منتظر رہیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ