برطانیہ کی بارمی آرمی پاکستان میں کیا کر رہی ہے؟

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ بارمی آرمی کے ارکان بھی پاکستان پہنچے ہیں اور وہ ان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔

یہ تصویر 3 دسمبر 2022 کو لی گئی ہے جس میں ایلیسن مڈگلے اور راس مڈگلے کو دیکھا جاسکتا ہے جن کا تعلق بارمی آرمی سے ہے اور وہ پاکستان میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں (اے ایف پی)

انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے 17 سال بعد پاکستان پہنچی تو اس بار انگلینڈ سے صرف کھلاڑی ہی پاکستان نہیں آئے بلکہ انگلینڈ کرکٹ کے مداحوں کی فوج بارمی آرمی نامی گروپ بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچا ہے۔

جب انگلینڈ کی ٹیم بیزبال بلے بازی اور اپنی نپی تلی بولنگ سے مخالف ٹیم کو ناکوں چنے چبوا رہی ہوتی ہے اس وقت بارمی آرمی کے ارکان انگلش کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے تاریخی موسیقی اور دلچسپ نعروں کا استعمال کرتے ہیں۔

بارمی آرمی نے پاکستان پہنچ کر شائقین کو اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے سلام بھی کیا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو نے بارمی آرمی کے ایک رکن سائمن فنچ سے دورہ پاکستان پر ان کے تاثرات جاننے کے لیے رابطہ کیا۔ ہم نے ان سے چند سوال پوچھے جن کے جواب ہمارے شائقین کے لیے پیش خدمت ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے سائمن فنچ کا کہنا تھا کہ ’میرا نام سائمن فنچ ہے۔ میرا تعلق لندن سے ہے اور میں ٹرمپٹ بجاتا ہوں۔‘

آپ ٹرمپٹ بجانے پاکستان کیوں آئے؟

’کیوں کہ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا بہت بڑا مداح ہوں اور میں ’بارمی آرمی‘ کا باضابطہ ٹرمپٹ پلیئر ہوں۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ’بارمی آرمی‘ پوری دنیا میں سفر کرتی ہے۔‘

ٹرمپٹ ساز پاکستان میں زیادہ عام نہیں، لوگوں کا اس کے متعلق رد عمل کیا تھا؟

سائمن کہتے ہیں کہ ’راولپنڈی اور یہاں بھی رد عمل بہت شاندار تھا، لوگ ہیلو کہنا چاہتے ہیں، بہت سارے لوگ نام نہیں جانتے۔ کچھ اسے  بگل کہتے ہیں اور کچھ باجا۔ لیکن یہ ٹرمپٹ ہے اور انگلینڈ میں بہت عام ہے۔‘

کیا کوئی دلچسپ واقعہ پیش آیا؟

سائمن فنچ کے مطابق ’میرے ساتھ سب سے بہترین چیز یہ ہوئی کہ بہت سارے لوگوں نے میرے ساتھ سیلفیاں لیں۔‘

کیا پانچ دن ٹرمپٹ بجانے کے لیے بہت زیادہ سٹیمنا چاہیے ؟

سائمن کہتے ہیں ’جی چاہیے ہوتا ہے لیکن چار دن اتنے زیادہ سٹیمنا کی ضرورت نہیں ہوتی۔‘

’بارمی آرمی‘ کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتی ہے؟

سائمن کے مطابق ’بارمی آرمی‘ انگلینڈ کرکٹ کے سپورٹرز ہیں، ہم پوری دنیا میں جاتے ہیں۔

بارمی آرمی دنیائے کرکٹ میں اپنے روایتی ترانوں اور لباس کی وجہ سے مشہور ہے۔

ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ کی مشہور کرکٹ شائقین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم بارمی آرمی کہلاتی ہے۔

بارمی آرمی ملتان اور راولپنڈی میں ٹیسٹ میچوں میں شرکت کے بعد اب کراچی میں تیسرے ٹیسٹ میچ کا رخ کرے گی۔

بارمی آرمی بھی اپنی ٹیم کی طرح 17 سال میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پس منظر

1994 میں آسٹریلیا کا دورہ کرتے ہوئے بارمی آرمی تین لوگوں نے قائم کی تھی، جس کے بعد اس گروپ نے انگلینڈ کے ہر میچ میں شرکت کی ہے۔

انہیں آسٹریلیا کے میڈیا کی جانب سے ’بارمی‘ کا نام ان کے ٹیم سے پیار اور ’آرمی‘ کا نام ان کی بڑی تعداد کی وجہ سے دیا گیا۔

مداحوں کی تنظیم نے اس کے بعد سے تجارتی منصوبے شروع کیے، انہوں نے دنیا بھر میں انگلینڈ ٹیم کے میچوں کو دیکھنے کے لیے دوروں کا انتظام کرنا شروع کیا۔

تنظیم کے منیجنگ ڈائریکٹر کرس ملرڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستان آنے سے قبل ہر شخص پاکستان واپس آنے کے حوالے سے تحفظات اور ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہا تھا، تاہم ہم نے جو سوچا تھا یہاں صورت حال اس سے بالکل مختلف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا دوروں کے دوران جتنے لوگوں سے سامنا ہوا ہے، یہاں کے لوگ بہت زیادہ خوش آمدید کرنے والے ہیں۔

انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ کے والد میٹ روٹ نے کہا کہ وہ اور میں یہاں پر بہت محظوظ ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ