سعود شکیل کا کیچ: ’نہیں آؤٹ تھا یار!‘

سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر اسے متنازع کیچ قرار دے کر کہا گیا کہ شک کا فائدہ بلےباز کو جانا چاہیے تھا، جو بولر کو دے دیا گیا۔

سعود شکیل 12 دسمبر 2012 کو ملتان ٹیسٹ میں ایک متنازع فیصلے کے بعد آؤٹ ہو کر واپس جا رہے ہیں (اے ایف پی)

ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کو جیتنے کے لیے 157 رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔ تاہم پاکستانی بلے باز دوسرے سیشن تک ہی انگلش بولرز کا مقابلہ کر سکے۔ کھانے کے وقفے سے پہلے آخری اوور میں سعود شکیل 94 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ مارک وڈ کی گیند سعود شکیل کی بیٹ کو چھو کے نکلی اور بظاہر انگلینڈ کے وکٹ کیپر اولی پوپ نے ڈائیو لگاتے ہوئے کیچ کر لیا۔

انگلش بولر، وکٹ کیپر اور دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ آؤٹ کی اپیل کی گئی تاہم امپائر علیم ڈار، جن کے کئی فیصلے اس میچ میں غلط ثابت ہوئے، نے فیصلہ تھرڈ امپائر پر چھوڑ دیا۔

تھرڈ امپائر نے کئی بار ویڈیو کو غور سے دیکھنے کے بعد سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیا اور یوں جو میچ پھنستا ہوا دکھائی دے رہا تھا، وہ پاکستان کے ہاتھ سے جاتے ہوئے دکھائی دینے لگا۔

سعود شکیل کو آؤٹ قرار دیے جانے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر اسے متنازع کیچ قرار دے کر کہا گیا کہ شک کا فائدہ بلےباز کو جانا چاہیے تھا اور ریویو میں غور سے اگر دیکھا جائے تو یہ کیچ، کیچ نہیں تھا کیونکہ وکٹ کیپر کے گلووز سے بال ہوتی ہوئی زمین پر لگی اور شائقین کرکٹ اپنے بال ہی نوچتے ہی رہ گئے۔

سپورٹس جرنلسٹ اور اینکر زینب عباس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’صاف ناٹ آؤٹ تھا، ایسا کہنا ہے وقار یونس کا۔‘

فیضان لکھانی نے اپنی ٹویٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک آدمی کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہےاور کیپشن میں فیضان نے لکھا کہ ’تھرڈ امپائر سعود شکیل کا رویو فیصلہ دیکھتے ہوئے۔‘

انمول فریا نے محمد نواز کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کی:

سعود شکیل کی وکٹ پر نواز کا ردِعمل: نہیں آؤٹ تھا یار!

سابق پاکستانی کرکٹر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ یہ چونکا دینے والا فیصلہ تھا اور میرے خیال میں سعود شکیل ناٹ آؤٹ تھے۔‘

میچ کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’شکیل کا آؤٹ ہونا ہمارے لیے مہنگا پڑا۔ ہمیں ایسا لگا کہ بال گراؤنڈ پر لگ چکی تھی۔ ایک پروفیشنل کرکٹر امپائر کے فیصلے کو ہی مانتا ہے، لیکن ہمیں لگا کہ بال گراؤنڈ پر لگی۔‘

اسی حوالے سے انگلینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگا (کہ کوئی شک تھا اس کیچ میں)۔۔۔ ایسے کیچز کرکٹ میں دیکھنے کو ملتے ہیں، آپ رُوٹی (جو روٹ) کے شارٹ لیگ کے کیچ کے بارے میں بھی ایسی ہی بات کر سکتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ