کراچی: عالمی کتب میلے میں غیر ملکی پبلشرز کی شرکت

کراچی کے بین الاقوامی کتب میلے میں 330 سے زائد کتابوں کے سٹالز موجود ہیں۔

انٹرنیٹ کے اس جدید دور میں اب بھی کتاب دوست لوگ کم ہی صحیح لیکن کتب بینی سے دل جوڑ کر رکھے ہوئے ہیں جس کی مثال کراچی ایکسپو سینٹر میں سجے بک میلے میں دکھائی دیتی ہے۔

پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے17ویں کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں۔

سالانہ میلے کے 17ویں ایڈیشن کا آغازآٹھ  دسمبر کو ہوا۔ پانچ روزہ کتب میلے میں کتب بینی کے شوقین افراد کا جم غفیر امڈ آیا۔ اسلامی کتابیں تو کہیں رنگ برنگی بچوں کی کتابیں، ہر کسی نے اپنی پسند کے مطابق کتابیں خریدیں۔

اس کتب میلے میں طلبا سمیت عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

میڈیا کوآرڈینیٹرمحمد عابد زبیرخان کے مطابق میلے میں 330 سے زائد سٹالز موجود ہیں۔ 

ان کے بقول: ’150 سے زیادہ پبلشرز موجود ہیں جیسے کہ ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے شامل ہیں۔ یہاں ہر طرح کی کتابیں موجود ہیں سائنس فکشن ناول ٹیکسٹ بکس بھی۔‘

کتب میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریریز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔

ہر سال ہونے والا یہ میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔

کتب میلے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی نظر آئی، جنھوں نے کہا کہ کتاب سے محبت مقاصد کو پروان چڑھانے کا باعث بنتی ہے جبکہ کچھ شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ جدت کے اس دور میں لوگوں کا کتاب سے رشتہ کمزور ہو گیا اور مہنگائی کہ باعث بھی لوگوں کا کتابوں سے رجحان کم ہوا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والی ہوڈر ایجوکیشن کی سیلز مینیجر چارلی بھی بک فئیر میں شریک تھیں۔

ان کا کہنا تھا: ’اچھا لگا یہ دیکھ کر کہ یہاں لوگ کتابوں میں دل چسپی رکھتے ہیں۔‘

ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ خاص طور سے اس کتب میلے کے لیے وہ پاکستان دوسری بار آئی ہیں۔

بک فئیر پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے۔

2005 سے لگاتار منعقد ہونے والے کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا اعزاز حاصل ہے۔

(ایڈیٹنگ: ندا مجاہد)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ادب