دنیا میں کہیں بھی ’30 منٹ‘ میں ہدف کو نشانہ بنانے والا روسی میزائل

روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روس ’ایون گارڈ‘ نامی آواز سے 27 گنا تیز رفتار میزائل نظام متعارف کروائے گا۔

ماسکو میں نو مئی، 2022 کو فوجی پریڈ کے دوران روسی یارس بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی نمائش کی جا رہی ہے (اے ایف پی)

روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ روس ’ایون گارڈ‘ نامی آواز سے زیادہ تیز رفتار میزائل نظام متعارف کروائے گا۔

روسی صدر ولادی میر پوتن نے 2018 میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ ’ناقابل تسخیر‘ بین البراعظمی میزائل 30 منٹ کے اندر دنیا میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

میزائل کی رفتار آواز کی رفتار سے 27 گنا زیادہ ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق سٹرٹیجک میزائل فورسز کے کمانڈر سرگی کاراکائیف نے کہا ’چار سٹرٹیجک میزائل فورسز کی سالگرہ کے موقعے پر یاسنے ملٹری فارمیشن میں ایک اور میزائل رجمنٹ سروس میں متعارف کروائی جائے گی۔‘

روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ اس میزائل سسٹم کی بدولت، جو مبینہ طور پر اورن برگ کے علاقے میں زیر زمین نصب ہے، سٹرٹیجک میزائل فورسز کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔

روس کا تازہ ترین اعلان ایسے وقت پر آیا جب اس نے یوکرین میں کئی فضائی حملے کیے، جن میں جمعے کو یوکرین کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا شامل تھا۔

پے در پے 70 سے زیادہ میزائلوں کے حملوں میں روس نے یوکرین کے کئی شہروں میں توانائی اور پانی کی بنیادی تنصیبات کو ہدف بنایا۔

 یوکرین کی وزارت دفاع نے کہا کہ 76 میں سے 60 میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ ملک بھر میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وسطی یوکرین کے شہر کریوی ریہہ میں ہلاکت خیز میزائل حملے میں رہائشی عمارت تباہ ہوئی۔ امدادی عملے نے ایک کمسن بچے کی لاش کو ملبے سے نکالا۔

نیپروپیترووسک علاقے کے، جہاں کریوی ریہہ کا شہر واقع ہے، گورنر ولانتن رزنی چینکو نے کہا کہ امدادی عملے نے ’روسی راکٹ حملے کے نتیجے میں تباہ ہونے والے مکان کے ملبے سے ڈیڑھ سالہ لڑکے کی لاش نکالی۔‘

رزنی چینکو نے کہا کہ فضائی حملے رات بھر جاری رہے، جن سے دریائے نیپرو کے پار شہروں نکوپول، مارہینتس اور چکروونورائیوریوکا کے قصبات میں بجلی کی فراہمی کے نظام اور مکانات کو نقصان پہنچا۔

ہفتے کی رات اپنے خطاب میں یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی نے کہا کہ تقریباً 60 لاکھ یوکرینی شہریوں کی بجلی بحال کر دی گئی لیکن ان کا کہنا تھا کہ حرارت اور پانی کی فراہمی کے نظام کے مسائل برقرار ہیں۔

یوکرین کی کابینہ وزارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں تقریباً 10 ہزار نئے ’ناقابل تسخیر مراکز‘ قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وزارت نے ہفتے کو کہا کہ یوکرین ان پناہ گاہوں کی تعداد میں تین گنا اضافے کا ارادہ رکھتا ہے جن سے لوگوں کو خود کو گرم رکھنے، موبائل فون چارج کرنے اور روس کے جاری حملوں کے دوران انٹرنیٹ سے جڑے رہنے میں مدد ملے گی۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر | ترجمہ: علی رضا)

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی