بنوں پولیس مرکز میں موجود شدت پسند یرغمالیوں کو رہا کریں: امریکہ

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا: ’ہم نے اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ اس چیلنج سے نمٹنے میں ان کی مدد کی جا سکے۔ ہم مدد کے لیے تیار ہیں، چاہے اس موجودہ صورت حال کے بارے میں یا زیادہ وسیع پیمانے پر ہو۔‘

امریکہ نے پاکستان کے شہر بنوں میں انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مرکز پر قابض عسکریت پسندوں پر زور دیا ہے کہ وہ یرغمالیوں کو رہا کریں اور قبضہ ختم کر دیں۔

خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں انسداد دہشت گردی مرکز میں موجود مسلح جنگجوؤں نے کچھ پولیس اہلکاروں کو دو دن سے یرغمال بنا رکھا ہے۔

کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ محفوظ راستہ مانگ رہے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ان شدت پسندوں کو اس مرکز میں تفتیش کے لیے لایا گیا تھا لیکن انہوں نے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ چھین کر انہیں یرغمال بنا لیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: ’عسکریت پسندوں نے بنوں میں انسداد دہشت گردی کے ایک مرکز پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ ہم ان خبروں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم زخمیوں سے گہری ہمدردی کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ حملے کے ذمہ داروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تشدد کی تمام کارروائیاں بند کریں، یرغمالوں کو بحفاظت رہا کریں اور انسداد دہشت گردی کے مرکز پر اپنا قبضہ ختم کریں۔‘

بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر شدت پسندوں کے قبضے کے بعد پاکستانی سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے لیکن مرکز تک رسائی نہ ہونے کے سبب وہاں جاری کارروائی کے بارے میں مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

امریکی ترجمان کا مزید کہنا تھا: ’وسیع تر نکتہ یہ ہے کہ ان مشترکہ چیلنجز، بشمول دہشت گرد گروہوں کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے، حکومت پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری ہے۔ چاہے وہ افغانستان کے اندر دہشت گرد گروہ ہوں یا افغان ۔ پاکستان سرحد کے ساتھ پائے جانے والے دہشت گرد گروہ۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہم نے اپنے پاکستانی دوستوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ اس چیلنج سے نمٹنے میں ان کی مدد کی جا سکے۔ ہم مدد کے لیے تیار ہیں، چاہے اس موجودہ صورت حال کے بارے میں یا زیادہ وسیع پیمانے پر ہو۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ