برازیل کے عظیم فٹ بال کھلاڑی پیلے کا کینسر مزید پھیل گیا اور اب انہیں دل اور گردے کی تکلیف کے علاج کی بھی ضرورت ہے۔
یہ انکشاف بدھ کو جاری ہونے والی ایک میڈیکل رپورٹ میں کیا گیا۔
82 سالہ پیلے کو ستمبر 2021 میں سرطان کی تشخیص ہوئی تھی جو بڑی آنت کے کینسر سے لڑ رہے ہیں۔
29 نومبر کو انہیں ڈاکٹروں نے دوبارہ جائزہ لینے کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔
پیلے کی صاحب زادی کیلی ناسیمینٹو ڈیلوکا نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ کرسمس ہسپتال میں گزاریں گے۔
ساؤ پالو کے البرٹ آئن سٹائن اسرائیلی ہسپتال سے پوسٹ کرتے ہوئے کیلی نے لکھا: ’ہم نے ڈاکٹروں کے مشورے سے فیصلہ کیا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر ہمارے لیے ہسپتال میں رہنا بہتر ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہم ہمیشہ کی طرح برازیل اور پوری دنیا سے نچھاور کیے گئے پیار کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
’پیلے کے لیے آپ کی محبت، آپ کی سٹوریز اور آپ کی دعائیں ہمارے لیے راحت کا باعث ہیں کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم اکیلے نہیں۔‘
رواں ماہ کے آغاز میں تین بار ورلڈ کپ میں فتح سمیٹنے والے پیلے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ اپنی صحت سے متعلق رپورٹس کے بعد باقاعدہ علاج کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
برازیل کے خبر رساں ادارے ’فولہا‘ نے رواں ہفتے کے آغاز پر دعویٰ کیا تھا کہ سابق سٹرائیکر کو درد کش شعبے میں منتقل کیا گیا اور بڑی آنت کے کینسر کے علاج کے لیے ان کی کیموتھراپی معطل کر دی گئی تھی۔
پیلے نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا: ’میرے دوستو میں سب کو پرسکون اور مثبت رکھنا چاہتا ہوں۔ میں بہتر ہوں اور بہت سی امیدوں کے ساتھ میں ہمیشہ کی طرح اپنا علاج جاری رکھے ہوئے ہوں۔
’میں اپنے تمام طبی عملے اور نرسنگ ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
ان کے بقول: ’مجھے خدا پر بہت بھروسہ ہے اور پوری دنیا میں آپ کی طرف سے مجھے ملنے والی محبت کا ہر پیغام مجھے توانائی سے بھرپور رکھتا ہے۔ برازیل کو ورلڈ کپ میں بھی دیکھیں! ہر چیز کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘
پیلے کے ڈاکٹروں نے ان کی طبی حالت پر بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ ’پیلے کو 29 نومبر سے بڑی آنت کے ٹیومر کے لیے کیموتھراپی اور سانس کے انفیکشن کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
’ایڈسن آرانٹیس ڈو نیسیمینٹو کا کینسر بڑھ گیا ہے اور اب گردوں اور دل کے لیے زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔‘
پیلے کی ستمبر 2021 میں ٹیومر نکالنے کے لیے سرجری کی گئی تھی اور اس کے بعد سے ان کی صحت کے بارے میں خدشات بڑھ رہے تھے۔
پیشہ ورانہ فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے 45 سال بعد بھی برازیل کی قومی ٹیم میں ان کا ریکارڈ سب سے نمایاں ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے قومی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 77 گول کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا جو موجودہ فارورڈ کھلاڑی نیمار نے برابر کیا ہے۔
رواں ماہ ختم ہونے والے ورلڈ کپ میں برازیل کے کھلاڑیوں نے پچ پر پیلے کی حمایت میں اس وقت ایک بینر آویزاں کیا جب وہ آخری ٹاپ 16 راؤنڈ میں جنوبی کوریا کے خلاف اپنی فتح کا جشن منا رہے تھے۔
پیلے نے میچ سے قبل اپنے ہم وطن کھلاڑیوں کو پیغام بھیجا تھا۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا تھا: ’1958 میں، میں اپنے والد سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کے بارے میں سوچ کر باہر نکلا تھا۔ میں جانتا ہوں کہ آج بہت سے لوگوں نے ایسے ہی وعدے کیے ہیں اور وہ بھی اپنا پہلا ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا: ’میں ہسپتال سے کھیل دیکھوں گا اور میں آپ میں سے ہر ایک کے ساتھ جڑا رہوں گا۔ گڈ لک!‘
پیلے نے 1957 سے 1977 تک شاندار کیریئر کے دوران 831 کلب گیمز میں 757 گول کیے حالانکہ کلب سینٹوس کا دعویٰ ہے کہ ان کی تعداد ایک ہزار کے قریب تھی۔
(ایڈیٹنگ: بلال مظہر | ترجمہ: عبدالقیوم شاہد)
© The Independent