اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن ممکن نہیں: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی عزت کرتے ہیں لیکن ہفتے کو شہر میں بلدیاتی انتخابات کروانا ممکن نہیں۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کم از کم چار مہینے درکار ہیں: وزیر داخلہ (رانا ثنا اللہ/ فیس بک)

وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ہفتے کو دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت کر لی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے دائر درخواستوں پر آج مختصر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ 31 دسمبر کو پولنگ کرائی جائے۔
تاہم زیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وہ عدالت کی عزت کرتے ہیں لیکن کل انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ 
انہوں نے ایک نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ ایک ہزار کے قریب پولنگ سٹیشنز ہیں اور اتنے کم وقت میں انتظامات کرنا ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار پولنگ سٹیشنز پر اسلام آباد پولیس کو تعینات نہیں کیا جا سکتا لہٰذا رینجرز اور ایف سی کو بلانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کم از کم چار مہینے درکار ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ہائی کورٹ میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا تھا۔
عدالت نے آج اپنے فیصلے میں وفاقی وزارت داخلہ کا 19 دسمبر کا نوٹیفیکیشن بھی کالعدم قرار دیا جبکہ انتخابات ملتوی کرنے کے 27 دسمبر کو دیے گئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ختم کر دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے فیصلے پر نظرثانی اور 31 دسمبر کو انتخابات کرانے سے معذرت کر لی تھی۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالتی فیصلے کو ’بظاہر آئین اور قانون سے متصادم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے مختصر وقت میں اس حکم پر عمل درآمد نہیں ہو سکتا۔ 
’عدالت کو ایسا آرڈر جاری ہی نہیں کرنا چاہیے جس پر عمل درآمد نہ ہو سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کل الیکشن نہیں ہوتا تو اس آرڈر کی اہمیت ویسے ہی ختم ہو جائے گی۔‘
بیرسٹر جہانگیر جدون کے مطابق فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی جائے۔
ادھر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں اسلام آباد کے شہریوں کو عدالتی فیصلے پر مبارک باد دی اور انہیں تاکید کی کہ وہ کل کے الیکشن میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر الیکشن کمیشن پر تنقید کی۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان