رونالڈو کی شرٹ خریدنے کے لیے سعودی شہریوں کا رش

پانچ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو نے چند روز قبل ہی سعودی کلب النصر کو دو سالہ معاہدے کے تحت جوائن کیا ہے۔

فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈ کے سعودی کلب النصر میں شمولیت کے چند ہی گھنٹوں بعد سعودی شہریوں کی ایک بڑی تعداد رونالڈو کی سات نمبر والی شرٹ حاصل کرنے لیے امڈ آئی جبکہ انسٹاگرام پر بھی کلب کے فالوورز کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔

پانچ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو نے چند روز قبل ہی سعودی کلب النصر کو دو سالہ معاہدے کے تحت جوائن کیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق رونالڈو کی شمولیت سے قبل النصر کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد آٹھ لاکھ 34 ہزار تھی جبکہ گذشتہ تین دن کے دوران کلب کے فالوورز کی تعداد میں 53 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت کلب کے فالوورز کی تعداد 61 لاکھ سے زیادہ ہے۔

اس معاہدے کی مالیت کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ 20 کروڑ یورو سے زیادہ ہوگی۔ 37 سالہ پرتگالی فٹ بالر کا سعودی کلب کے ساتھ معاہدہ جون 2025 تک جاری رہے گا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور جووینٹس جیسے کلبز کے لیے کھیلنے والے رونالڈو نے اس موقع پر کہا: ’میں کسی دوسرے ملک میں ایک نئی فٹ بال لیگ کا حصہ بننے کے لیے بے تاب ہوں۔‘

معاہدے کے بعد النصر کے ٹوئٹر ہینڈل سے پرتگالی سٹار کی تصویر شیئر کی گئی جس میں وہ نیلے اور زرد رنگ کی جرسی تھامے کھڑے ہیں، جس کی پشت پر ان کا پسندیدہ نمبر سات درج ہے

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’النصر کلب جس وژن کے ساتھ کام کر رہا ہے، وہ بہت متاثر کن ہے اور مجھے اپنے ساتھی کھلاڑیوں میں شامل ہونے پر خوشی ہے تاکہ ہم مل کر ٹیم کو زیادہ کامیابی حاصل کرنے میں مدد کر سکیں۔‘

النصر نے سعودی عرب لیگ کے نو ٹائٹل جیتے ہیں، جس میں آخری بار 2019 کا ٹائٹل بھی شامل ہے۔

کلب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’یہ تاریخ بنانے سے بڑھ کر ہے۔ یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو نہ صرف ہمارے کلب کو مزید کامیابی حاصل کرنے میں مدد دے گا بلکہ ہماری لیگ، ہماری قوم اور آنے والی نسلوں، لڑکوں اور لڑکیوں کو بہترین کھلاڑی بننے کی ترغیب دے گا۔ کلب رونالڈو کو خوش آمدید کہتا ہے۔‘

رونالڈو نے ایک سال کے بعد خلیج کا رخ کیا ہے اس سے قبل ان کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے ان کی راہیں اس وقت جدا ہوگئی تھیں جب ایک دھماکہ خیز ٹی وی انٹرویو میں رونالڈو نے کہا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ کلب نے انہیں دھوکہ دیا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے رونالڈو کے ساتھ اس وقت اپنا معاہدہ ختم کر دیا جب وہ ورلڈ کپ میں پرتگال کی ٹیم کے ساتھ تھے۔

قطر ورلڈ کپ 2022 میں رونالڈو کا آغاز اچھا رہا، جب وہ گھانا کے خلاف گول کر کے پانچ عالمی ٹورنامنٹس میں گولز سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

لیکن جب پرتگال کوارٹر فائنل میں مراکش سے ہار گیا تو انہوں نے نم آنکھوں سے ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔

رونالڈو طویل عرصے سے فٹ بال میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

یووینٹس میں ان کا معاوضہ تین کروڑ دس لاکھ یورو بتایا جاتا ہے حالانکہ اطالوی کلب کے اکاؤنٹس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کیوں کہ اس نے کھلاڑیوں سے معاہدوں کو کم کر کے پیش کیا تھا۔

اسی طرح یونائیٹڈ میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے ان کے معاوضے میں کٹوتی کی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق بونس سے پہلے ان کا بنیادی سالانہ معاوضہ ڈیڑھ کروڑ سے دو کروڑ 80 لاکھ یوروز کے درمیان رکھا گیا تھا اور وہ اس وقت بھی یورپ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال