پاکستان کو نیوزی لینڈ نے آج دوسرے ایک روزہ میچ میں 79 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستانی بلے باز 262 رنز کے ہدف کا تعاقب نہ کر سکے حالانکہ پچ میں بلے بازوں کے لیے اتنی زیادہ مشکلات نہیں تھیں جتنا تیزی سے وہ آؤٹ ہوتے رہے۔ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ جیت کر سیریز کو برابر کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 261 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے اوپنر ڈیون کونوے نے شاندار سنچری سکور کی۔ انھوں نے کین ولیمسن کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 181 رنز کی پارٹنرشپ کی۔
ولیمسن نے شاندار 85 رنز کی اننگ کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے تیسویں اوور تک بیٹنگ کرتے ہوئے سکور 183 تک پہنچا دیا تھا اور ایسا لگتا تھا کہ نیوزی لینڈ 300 سے اوپر سکور آسانی سے کر لے گا لیکن اس موقع پر پہلے نسیم شاہ اور پھر محمد نواز نے پے در پے کیویز بلے باز آؤٹ کر کے سنسنی پھیلا دی۔
نواز نے بہترین سپن بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑی آؤٹ کر کے کیویز بیٹنگ کی کمر توڑ دی تھی اور دوسری طرف سے نسیم شاہ بھی عمدہ بولنگ کرتے رہے، انھوں نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان کے لیے 262 رنز کا ہدف مشکل نہ تھا لیکن نیوزی لینڈ کے بولرز نے نپی تلی بولنگ کرکے بلے بازوں کو سکور کرنے سے روکے رکھا۔ فخر زمان صفر پر ساؤتھی کا نشانہ بنے، امام الحق بھی گھبراہٹ کا شکار رہے اور فرگوسن کی گیند پر چھ رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رضوان جن پر ٹیم کو بہت اعتماد تھا آج قطعی اعتماد نہ دکھا سکے اور سانٹنر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ حارث سہیل مکمل ناکام رہے اور فلپس کی گیند پر 10 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
سلمان آغا نے چند شاٹ کھیلے لیکن انتہائی لاپروائی سے رن آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی بلے باز سکور نہ کر سکا، وہ 79 رنز بناکر سوڈھی کی گیند پر سٹمپڈ ہو گئے۔ پاکستان کے باقی بلے باز صرف آنے جانے تک محدود رہے۔
جب 43 ویں اوور میں حارث رؤف سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو پاکستان نیوزی لینڈ سے 79 رنز پیچھے تھا۔ پاکستان 182 رنزبناکر آل آؤٹ ہو گیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کی فیلڈنگ آج غیر معیاری رہی اور متعدد بار کیچ کرنے کے مواقع ضائع کیے۔