ون ڈے سیریز: پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو شکست

نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور مڈل آرڈر بلے بازوں  کی عمدہ بیٹنگ نے پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے فتح دلا دی۔

پاکستان کے محمد رضوان نو جنوری 2023 کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کے دوران شاٹ کھیل رہے ہیں (اے ایف پی)

کراچی کے نیشنل بینک ایرینا میں نسیم شاہ کی شاندار بولنگ اور مڈل آرڈر بلے بازوں  کی عمدہ بیٹنگ نے پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے فتح دلا دی۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 49 ویں اوور میں  چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نسیم شاہ نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو بڑا سکور کرنے سے روک دیا۔ نسیم شاہ نے ایک آسان بیٹنگ وکٹ پر تیزاور سست رفتار کا شاندار نمونہ پیش کیا۔ ان کی بولنگ کی خاص بات لینتھ پر کنٹرول تھا جس کے باعث کیوی بلے باز جارحانہ بیٹنگ نہ کرسکے۔

 ڈیبیو کرنے والے اسامہ میر نے بھی  ان کا پورا ساتھ دیا اور اپنی سپن بولنگ سے کیویز کو پریشان کیے رکھا۔ 

اسامہ میر نے جس گیند پر کین ولیمسن کو آؤٹ کیا اسے میچ کی سب سے بہترین گیند کہا جاسکتا ہے جو پچ پر پڑنے کے بعد اتنی تیزی سے لیگ بریک ہوئی کہ ولیمسن ہکا بکا رہ گئے اور گیند چشم زدن میں ان کی بیلز اڑا گئی۔

پاکستان نے پہلے میچ میں اسامہ میر کو گرین کیپ سے نوازا جن کے لیے کیرئیر کی ابتدا خوشگوار رہی انہوں نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو بہت مناسب رہا۔ نسیم شاہ اپنے پہلے ہی اوور میں کونوے کو بولڈ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ تتر بتر رہی اور کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹام لیتھم اور ڈیرل مچل نے کچھ  دیر کے لیے پاکستانی بولنگ پد دباؤ ڈالا تاہم محمد نواز اور اسامہ میر نے اپنی سپن بولنگ سے دونوں کو ٹھکانے لگا دیا۔

اننگ کے آخر میں بریسویل نے کچھ کوشش کی اور 43 رنز کی اننگز کھیلی لیکن نسیم شاہ اپنے آخری سپیل میں خطرناک ثابت ہوئےاور چار مزید کھلاڑی آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو 255 رنز تک محدود رکھا۔

نسیم شاہ نے اپنے مقررہ دس اوورز میں 57 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں،  اسامہ میر نے دو جبکہ وسیم جونئیر اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

پاکستان کی بیٹنگ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ سے بہتر نظر آئی۔  امام الحق کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نےکیویز بولنگ کے سامنے جم کر بیٹنگ کی۔ دونوں نے 78 رنز کی پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔ 

فخر زمان کو نائب کپتان شان مسعود پر ترجیح دی گئی۔ انہوں نے 56 رنز کی اننگز کھیلی انھیں بریسویل نے بولڈ کیا جبکہ بابر اعظم جو ابتدا میں محتاط تھے بعد میں کھل کر کھیلے اور 66 رنز بناکر فلپس کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور  77 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کی منزل تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز حارث سہیل تھے جو ساؤتھی کی گیند پر 32 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔

 آج کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنا سکی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ