گلین فلپس نے ماڈرن کرکٹ کی جھلک دکھائی اور سیریز جیت لی

انھوں نے صرف 28 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر کے ہدف کی جانب رفتار کو تیز کردیا جو چھ وکٹ گرنے کے بعد سست ہوگیا تھا اور پاکستانی بولرز میچ پر چھاتے جا رہے تھے۔

نیوزی لینڈ کے گلین فلپس 13 جنوری 2023 کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں (اے ایف پی)

جس پچ پر کین ولیمسن جیسا بہترین بلے باز پریشان ہو اور سنبھل سنبھل کر کھیل رہا ہو اس پر گلین فلپس نے آزادانہ شاٹ کھیل کرایک مشکل جیت کو آسان بنا دیا۔

انھوں نے صرف 28 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر کے ہدف کی جانب رفتار کو تیز کردیا جو چھ وکٹ گرنے کے بعد سست ہوگیا تھا اور پاکستانی بولرز میچ پر چھاتے جا رہے تھے۔

فلپس کی دلیرانہ اننگز نے 281 رنز کے ہدف کو  49 ویں اوور میں پورا کرکے نیوزی لینڈ کو میچ اور سیریز میں فتح دلا دی۔  فلپس کی اننگز پورے میچ کی سب سے شاندار اننگز تھی جس نے تماشائییوں کو بھرپور تفریح فراہم کی۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے جب فیصلہ کن میں ٹاس جیتا تو ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل نہیں تھا کہ پہلے بیٹنگ کریں کیونکہ کراچی کی پچ گزشتہ دو میچوں میں دوسری اننگز میں سست ہوتی رہی تھی اور بیٹنگ مشکل رہی تھی۔

پاکستان نے آج اپنے نائب کپتان شان مسعود کو آخر کار ٹیم میں جگہ دی لیکن وہ فرگوسن کی دوسری ہی گیند پر صفر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر نہ رک سکے اور بریسویل کی گیند پر سٹمپ ہوگئے۔

ایسے میں جبکہ دو وکٹ جلدی گر چکی تھیں تو فخر زمان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور دوسری طرف سے محمد رضوان نے بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں تیسری وکٹ کے لیے 155 رنز کی پارٹنرشپ کر کے ٹیم کو بہتر پوزیشن پر لے آئے۔ 

فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی آٹھویں سنچری مکمل کی، وہ 101 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

رضوان نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 77 رنز بنائے۔ حارث سہیل آج بھی ناکام رہے اور بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور نواز بھی کچھ نہ کرسکے۔

پاکستان کا سکور 280 تک پہنچانے کا اصل کریڈٹ سلمان علی آغا کو جاتا ہے جنھوں نے 45 رنز کی اننگز آخری اوورز میں کھیل کر ٹیم کو ایک بہتر سکور فراہم کیا۔ پچ کو دیکھتے ہوئیے 281 کا ہدف آسان نہ تھا۔

نیوزی لینڈ کو بھی شروع میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور فن ایلن 25 رنز بنا کر طیب طاہر کی زبردست تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اس کے بعد کونوے اور ولیمسن نے رن اوسط کو سامنے رکھتے ہوئے محتاط بیٹنگ کی اور 65 رنز کی پارٹنر شپ کی۔ کونوے کو آغا سلمان نے آؤٹ کیا، انھوں نے 52 رنز بنائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ولیمسن جو ایک طرف سے جمے ہوئے تھے 53 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

ڈیرل مچل کو 31 رنز پر سلمان آغا نے آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے 205 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہونے پر پاکستانی کیمپ میں خوشی لہر دوڑ گئی تھی۔ تاہم ان کی یہ خوشی گلین فلپس نے ختم کر دی جب انھوں نے ماڈرن کرکٹ کا زبردست نمونہ دکھا کر میچ کو ہر سمت سے نیوزی لینڈ کی طرف موڑ دیا۔

انھوں نے بلا تفریق پاکستان کے ہر بولر کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور کئی ایسے شاٹ کھیلے جو انتہائی مشکل تھے۔ انھوں نے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 42 گنیدوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی اور 49 ویں اوور میں میچ ختم کردیا ۔

پاکستان کی بولنگ معمولی رہی نسیم شاہ کی عدم موجودگی میں محمد حسنین غیر موثر رہے جبکہ سپنرز بھی وکٹ سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

نیوزی لینڈ نے دو وکٹ سے میچ جیت کر سیریز بھی جیت لی اور آئی سی سی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی جو آئی سی سی سپر لیگ کے فائنل تک پہنچنے میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

پاکستان 130 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ