کراچی: کیماڑی میں بخار سے 19 اموات

ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عارف کے مطابق اس بیماری کی وجہ محمد علی لغاری گوٹھ کے ارد گرد کارخانوں کی موجودگی ہے، جن سے نکلنے والا دھواں غیر صحت مندانہ ماحول کی وجہ بن رہا ہے۔

ضلعی ہیلتھ آفیسر کیماڑی ڈاکٹر عارف کے مطابق دو بچوں کا انتقال خسرے کی وجہ سے ہوا جبکہ باقی اموات کا بھی اسی بیماری کے باعث وقوع پذیر ہونا خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا (اے ایف پی)

کراچی کے ضلع کیماڑی میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 بچوں سمیت 19 افراد بخار کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

ضلعی ہیلتھ آفیسر کیماڑی ڈاکٹر عارف نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اس بیماری کی وجہ غیر صحت مندانہ ماحول ہے۔‘

ڈاکٹر عارف کے مطابق دو بچوں کا انتقال خسرے کی وجہ سے ہوا جبکہ باقی اموات کا بھی اسی بیماری کے باعث وقوع پذیر ہونا خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کیماڑی کے محمد علی لغاری گوٹھ میں خسرے کی وبا بھی پھیلی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر عارف نے مزید بتایا کہ اموات کیماڑی کے مواچھ گوٹھ اور محمد علی لغاری گوٹھ میں ہوئیں، جس کے ارد گرد غیر قانونی گودام بنے ہوئے ہیں، جن میں گاڑیوں کے ٹائر جلائے جاتے ہیں۔

ڈی ایچ او عارف کا کہنا تھا: ’علاقے کے سردار محمد حفیظ نے انہیں بتایا کہ محمد علی لغاری گوٹھ کے اطراف سات جنوری کو ایک چینی فیکڑی قائم کی گئی ہے، جہاں پتھر جلائے جاتے ہیں، جس سے نکلنے والا دھواں بچوں اور بڑوں میں سانس لینے میں دشواری کا باعث بنا اور کئی ایک میں بخار کی علامات ظاہر ہوئیں۔‘

ڈاکٹر عارف نے مزید بتایا کہ بدھ کی رات اموات کی اطلاع ملنے کے بعد ضلعی انتظامیہ پورے علاقے میں طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’علاقہ مکینوں کے خون وغیرہ کے نمونے حاصل کرنے کے لیے کیمپ قائم کر کے ڈاکٹر کو تعینات کر دیا گیا ہے اور ایکسرے بھی کیے جا رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ وہ اس علاقے میں ماحولیاتی آلودگی کی کمی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

ڈاکٹر عارف نے دعویٰ کیا کہ خسرے سے متاثرہ علاقے کے رہائشی اس موذی بیماری کو اپنے خاندانوں کے لیے خوش قسمتی کی علامت سمجھتے ہیں اور اس لیے ہسپتال جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’علاقے کے لوگ سادہ ہیں، ہسپتال جانے سے خوفزدہ ہوتے ہیں، اس لیے ہم نے میڈیکل کیمپوں میں ادویات رکھ دی ہیں۔‘

ضلعی انتظامیہ نے مضر صحت دھویں کا باعث بننے والے کارخانے سیل کر کے چار افراد کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختیار علی ابڑو کے مطابق فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت