انڈیا: پولیس افسر کی فائرنگ سے ریاستی وزیر صحت ہلاک

ہسپتال کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی کوششوں کے باوجود وہ صحتیاب نہ ہو سکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑا گئے۔

صوبائی وزیر صحت ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے جہاں پولیس افسر نے دو گولیاں چلائیں (تصویر: این ڈی ٹی وی/ ٹوئٹر)

انڈیا کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے وزیر صحت پولیس افسر کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کی دوپہر ایک بجے کے قریب ضلع جھارسوگوڑا کے برجراج نگر کے نزدیک گاندھی چوک میں پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) نے نابا کسور داس کو گولیاں ماریں جو ان کے سینے میں لگیں۔

این ڈی ٹی وی ڈاٹ کام کے مطابق اڑیسہ کے وزیر صحت کو گولیاں لگنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ واقعے کے چند گھنٹوں بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔

ہسپتال کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کئی کوششوں کے باوجود وہ صحتیاب نہ ہو سکے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑا گئے۔‘

صوبائی وزیر صحت ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے تھے جہاں پولیس افسر نے دو گولیاں چلائیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

برجراج نگر کے سب ڈویژنل پولیس افسر گپتیسور بھوئی نے صحافیوں کو بتایا کہ ’اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس گوپال داس نے وزیر پر فائرنگ کی جس میں وہ زخمی ہوئے اور انہیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے گوپال داس کو پکڑ لیا۔ بعد ازاں پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔

عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ جب وزیر صحت اپنی گاڑی سے باہر نکلے تو انہیں گولی مار دی گئی۔ حملے کے پیچھے محرکات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔

جائے وقوعہ سے ملنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر صحت کے سینے سے خون بہہ رہا ہے اور لوگ انہیں اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں جو بے ہوش دکھائی دے رہے تھے۔

نابا داس عوامی شکایات کے مرکز کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ جب وہ تقریب کے مقام پر پہنچے تو ہجوم ان کے استقبال کے لیے جمع ہو گیا۔ اچانک گولی چلنے کی زور دار آواز سنائی دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک عینی شاہد کے مطابق: ’ہم نے دیکھا کہ ایک پولیس اہلکار قریب سے گولی چلانے کے بعد فرار ہو رہا ہے۔‘

اڑیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کرائم برانچ کو واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’حملے کے افسوسناک واقعے سے مجھے صدمہ ہوا ہے۔ میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں اور وزیر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ کرائم برانچ کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کرائم برانچ کے سینیئر افسران کو موقعے پر جانے کا کہا گیا ہے۔‘

واقعے کے بعد شہر میں صورت حال کشیدہ ہے۔ نابا کسور داس کے بعض حامیوں نے سکیورٹی کی خامیوں پر سوال اٹھایا ہے۔

بعض حامیوں کا دعویٰ ہے کہ صوبائی وزیر صحت کو ہدف بنانے کے لیے سازش تیار کی گئی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا