کراچی میں خواتین کے لیے مختص پنک بس سروس کا آغاز

صوبائی وزیر سعید غنی کے مطابق کراچی میں پنک بس سروس کامیاب ہو گی کیونکہ یہ بڑا شہر ہے اور خواتین کی 50 فیصد آبادی بسوں میں سفر کرتی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے خواتین کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مخصوص ’پنک پیپلز بس‘ سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔

کراچی کی آبادی کا بیشتر حصہ ملازمت پیشہ ہے یا کسی کاروبار سے وابستہ ہے، جن میں خواتین کی بھی ایک کثیر تعداد شامل ہے۔

چونکہ کراچی کی صبح بہت ہنگامہ خیز اور افراتفری سے بھرپور ہوتی ہے یوں لگتا ہے کہ جیسے تمام کا تمام شہر ہی سڑکوں پر نکل آیا ہو۔ ایسے افراد کی ایک بڑی تعداد اپنی بس کے انتظار میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔

لیکن بسوں میں خواتین کے لیے چھوٹا سا حصہ مختص ہوتا ہے جو تقریباً نو نشستوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ اتنے چھوٹے سے کمپارٹمنٹ میں بھی مردوں کی انٹری پر کوئی روک ٹوک نہیں ہوتی جس کے باعث خواتین ذہنی اذیت کے ساتھ سفر کر رہی ہوتی ہیں۔

لیکن اب محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ملازمت پیشہ خواتین کے سفری مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق اس بس سروس کی وجہ سے خواتین اب محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں گی۔

کراچی فرئیر ہال سے بدھ کو پنک بس سروس کا افتتاح کیا گیا اور اسے ابتدائی سات روز تک مفت چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے ترجمان فدا حسین بالادی نے اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی، شاہراہِ فیصل تا ٹاور روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے بس سروس کی سہولیات کہ حوالے سے بھی معلومات شئیر کیں جن کے مطابق:

پنک بس ڈیزل ہائبرڈ ہے

بس نو میٹر لمبی  اور 24 نشستوں پر مشتمل ہو گی

پنک بس سروس میں وائی فائی کی سہولت

ایل سی ڈی سکرین کے ساتھ موبائل فون چارج کرنے کی سہولت بھی موجود ہو گی

ترجمان فدا بالادی کا کہنا تھا کہ ’پنک بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام ہر 20 منٹ کے بعد چلے گی جبکہ دفتری اوقات کے بعد معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے بعد پنک بس سروس چلے گی۔‘

اس حوالے سے صوبائی وزیر سعید غنی نے انڈپینڈنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پنک بس سروس کامیاب ہو گی کیونکہ یہ بڑا شہر ہے اور خواتین کی 50 فیصد آبادی بسوں میں سفر کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’پنک بس سروس کا کرایہ 50 روپے ہے اور ابتدائی مرحلے میں نو بسیں چلائی جا رہی ہے جس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین