پی ایس ایل 8 کوالیفائر: قلندرز اور سلطانز مدمقابل ہوں گے

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں آج شام سات بجے مد مقابل ہوں گی جس کے لیے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

ملتان سلطانز کے بلے باز رائیلی روسو کا پی ایس ایل 8 کے چار مارچ 2023 کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں کلین بولڈ ہونے کا منظر (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا سیزن 8 بدھ سے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور آج ہی لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ میں یہ فیصلہ ہوگا کہ کون سی ٹیم فائنل میں جائے گی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں شام سات بجے مد مقابل ہوں گی جس کے لیے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

لاہور قلندرز دفاعی چیمپیئن ہے جبکہ ملتان سلطانز لگاتار تیسری بار فائنل کھیلنے کے لیے تیاری کر رہی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک اور دو پر آنے کی وجہ سے لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کو فائنل میں جانے کے لیے دو مواقع ملیں گے۔ ملتان سلطانز نے 10 میں سے چھ میچ جیتے اور چار میں اسے شکست ہوئی ہے۔

کوالیفائر میچ کی فاتح ٹیم سیدھی فائنل میں جائے گی جبکہ شکست کھانے والی ٹیم ایلیمینیٹر کے فاتح سے مقابلہ کرے گی۔

جمعرات کو پہلے ایلیمینیٹر مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔ کون ٹورنامنٹ میں آگے جائے گا اور کون باہر ہوگا، یہ فیصلہ جمعرات کو ہوجائے گا جس کے بعد ایک اور ٹیم پی ایس ایل سے باہر ہوجائے گی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور قلندرز کا ہوم گراؤنڈ ہے اور وہاں اسے ہوم کراؤڈ کی مکمل حمایت بھی حاصل ہوتی ہے لیکن اس سے قبل اسے لیگ میچ میں کراچی کنگز نے 86 رنز سے شکست دی تھی۔

اُدھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل کے حوالے سے مطالبہ کیا ہے کہ 25 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے آنے والے شائقین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور شہریوں کی سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔

پی ایس ایل 8 پلے آف اور فائنل کے میچ آفیشلز کا اعلان

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی نے پی ایس ایل 8 کے پلے آف اور ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے ایمپائروں اور میچ ریفری کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

بدھ کے پلے آف میں ایلکس وارف اور علیم ڈار فیلڈ ایمپائر ہوں گے جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور فیصل آفریدی فورتھ ایمپائر ہوں گے۔

دوسرے ایلیمنیٹر میں احسن رضا اور فیصل آفریدی فیلڈ امپائر جبکہ ایلکس وہارف اور راشد ریاض تھرڈ اور فورتھ امپائر ہوں گے۔

آخری پلے آف میں مارٹن سیگرز اور احسن رضا ایمپائر جبکہ راشد ریاض اور فیصل آفریدی تھرڈ اور فورتھ ایمپائر ہوں گے۔

اتوار کے فائنل میں راشد ریاض اور ایلکس وہارف امپائرنگ کریں گے۔ آصف یعقوب تھرڈ اور فیصل آفریدی ریزرو امپائر ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ