حکومت بلوچستان اور ٹیک ویلی کے درمیان ایک ہزار نوجوانوں کو گوگل کے تعاون سے تربیت دینے کے لیے سکالرشپس دینے کا معاہدہ طے پایا ہے۔
حکومت بلوچستان اور آئی ٹی فرم ٹیک ویلی کے درمیان ہونے والے معاہدے کا مقصد نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم دلانے اور روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
حکومت بلوچستان اور ٹیک ویلی کے درمیان پانچ اپریل کو ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو ٹیک ویلی گوگل کے اشتراک سے پانچ لاکھ ڈالرز مالیت کی سکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
اس پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے امیدواروں کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔
چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے معاہدے کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ’نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کا فوکس درست سمت کی طرف ہو۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ڈیجیٹل دور ہے اور ہم نے ٹیک ویلی کو بلوچستان میں دفتر قائم کرنے کا بھی کہا ہے جس سے نوجوانوں کوگھر بیٹھے روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔‘
عبدالعزیز عقیلی نے بتایا وفاقی حکومت گوگل اور ٹیک ویلی کے تعاون سے ’سکول آن ویلز‘ کا منصوبہ بھی شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت بلوچستان کی حکومت 10 بسیں فراہم کرے گی جن سے ٹیکنالوجی بیسڈ سکول قائم کیے جائیں گے۔‘
یہ بسیں صوبے کے مختلف علاقوں میں جا کربچوں کو تعلیم دیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیک ویلی پاکستان کے منصوبوں سے شعبہ تعلیم ، آئی ٹی، لیبر اور انڈسٹریز اس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
ٹیک ویلی پاکستان کے مطابق یہ ٹیک ویلی اور حکومت بلوچستان کے درمیان پہلا معاہدہ ہے، جس میں محکمہ کالجز، محکمہ ہائراینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، محکمہ تعلیم، محکمہ سائنس، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی، محکمہ لیبراینڈ مین پاور، محکمہ انڈسٹریزاینڈ کامرس اور محکمہ صحت کے ساتھ شراکت داری شامل ہے۔
ٹیک ویلی پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گوگل کیریئرسرٹیفکیٹس پروگرام دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے گوگل ملازمین کے ذریعے سکھایا اورتیار کیا جاتا ہے۔
سیکریٹری اطلاعات بلوچستان حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ’ہمارا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ترین ڈیجیٹل ٹولز اور سرٹیفیکیشن تک رسائی فراہم کر کے ان کو ترقی دینا ہے۔‘
اس منصوبے کے تحت پراجیکٹ مینجمنٹ، یو آئی / یو ایکس ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس، سپورٹ اورآٹومیشن، ڈیٹا اینالیٹکس اورسائبرسکیوریٹی جیسے کام کے لیے تیار مہارتوں میں سرٹیفکیشنز کے لیے وظائف فراہم کیے جائیں گے۔‘