کریم بینزما بھی ریال میڈرڈ سے ’سعودی کلب الاتحاد جانے کو تیار‘

سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ کے مطابق سعودی فٹ بال کلب الاتحاد نے کریم بینزما کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا ہے۔

کریم بینزما 2009 میں اولمپک لیونیس سے ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کا کہنا ہے کہ ان کے سٹرائیکر کریم بینزما بطور ’فری ایجنٹ‘ 14 سال بعد کلب کو چھوڑ دیں گے کیونکہ وہ سعودی عرب کے الاتحاد فٹ بال کلب میں جانے کے لیے تیار ہیں۔

سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ کے مطابق سعودی فٹ بال کلب الاتحاد نے کریم بینزما کے ساتھ دو سال کا معاہدہ کیا ہے۔

لگ رہا تھا کہ یہ 35 سالہ فرانسیسی فٹ بالر 2022-23 کے سیزن کے بعد مزید ایک سال تک ہسپانوی کلب میں رہیں گے، جس میں وہ انجری کا شکار رہے اور ایک انجری کی وجہ سے قطر میں ہوئے ورلڈ کپ میں بھی حصہ نہیں لے سکے۔

تاہم ذرائع ابلاغ کے اندازوں کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے 10 کروڑ یورو (10 کروڑ75 لاکھ ڈالر) سے زائد مالیت کی پیشکش نے مبینہ طور پر انہیں اپنے مستقبل پر نظرثانی پر مجبور کر دیا ہے۔

فرانسیسی کھلاڑی نے اپنے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی شق کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر ریال میڈرڈ کا کہنا ہے کہ کریم بینزما کو ’اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق حاصل ہے۔‘

ریال میڈرڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ریال میڈرڈ اور ہمارے کپتان کریم بینزما نے اپنے کلب میں ایک کھلاڑی کے طور پر اپنے شاندار اور ناقابل فراموش دورانیے کو ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔‘

’ریال میڈرڈ میں کریم بنزما کا کیریئر پیشہ ورانہ مہارت کی ایک روشن مثال رہا ہے، اور انہوں نے ہمارے کلب کی اقدار کی نمائندگی کی ہے۔‘

کریم بینزما 2009 میں اولمپک لیونیس سے ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے تھے۔ 2018 میں رونالڈو کے یووینٹس جانے کے بعد ان کا شمار کلب کے اہم اٹیکرز میں ہوتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کریم بینزما نے ریال میڈرڈ کے لیے 350 سے زائد گول سکور کیے اور وہ رونالڈو کے بعد کلب کے سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

انہوں نے 2021-22 کے دوران اپنا بہترین سیزن گزارا، جب انہوں نے تمام مقابلوں میں 44 گول سکور کر کے ٹیم کو ریکارڈ 14ویں یورپی ٹائٹل کے ساتھ ساتھ لا لیگا کا تاج بھی دلایا۔

بینزما کے اہم کردار نے انہیں بیلن ڈی آر کا تاج دلایا، جس سے وہ 1998 میں زین الدین زیدان کے بعد ٹرافی جیتنے والے پہلے فرانسیسی کھلاڑی اور مجموعی طور پر پانچویں فرانسیسی کھلاڑی بن گئے۔

انہوں نے ہسپانوی دارالحکومت میں اپنے کیریئر کا اختتام کلب کے ساتھ ریکارڈ 25 ٹرافیوں کے ساتھ کیا، جس میں پانچ یورپی کپ، چار لا لیگا ٹائٹل اور تین کوپاس ڈیل رے شامل ہیں۔

بینزما کی رخصتی ریال میڈرڈ کے اس اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئی جس میں بتایا گیا کہ ایڈن ہیزارڈ بھی ایک سال قبل ہی اپنا کنٹریکٹ ختم کرکے کلب چھوڑ رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال