جہلم: ہوٹل میں سلینڈر دھماکہ، چھ افراد جان سے گئے

حکام کے مطابق ملبے سے اب تک 10 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔

جہلم میں جی ٹی روڈ کے قریب واقع تین منزلہ نجی ہوٹل میں اتوار کی صبح سلینڈر دھماکے میں اموات کی تعداد چھ ہو گئی جبکہ 10 شدید زخمی ہیں۔

کالا گھراں میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینیئر رانا سعید احمد نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے اب تک 16 افراد کو نکالا گیا جن میں سے چھ کی موت واقع ہو چکی تھی جبکہ 10 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ریسکیو ٹیمیں ہوٹل کی بیسمنٹ کو کلیئر کر رہی ہیں اور یہ آپریشن دو سے تین گھنٹے مزید جاری رہے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’جس وقت بلاسٹ ہوا اس وقت ہوٹل میں لوگ موجود تھے اس لیے نقصان زیادہ ہوا۔‘ 

’ہوٹل کی باقی منزلیں کلیئر کر دی گئی ہیں۔ تاہم خدشہ ہے کہ بیسمنٹ میں ملبے کے نیچے لوگ ہو سکتے ہیں۔‘

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ بھی سینیئر پولیس افسران اور پولیس نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

جہلم پولیس سوشل میڈیا پر لوگوں تک معلومات پہنچا رہی ہے جبکہ ڈی پی او جہلم ویڈیو لنک سے امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

جہلم پولیس نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ملبہ ہیوی مشینری کی مدد سے ہٹایا جا رہا ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان