ڈیفالٹ میرے ماتھے پر کالا دھبہ ہوتا: وزیراعظم شہباز شریف 

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ایک تقریب میں دوران خطاب کہا کہ اگر خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو ’قیامت تک میرے ماتھے پر ایک کالا دھبہ ہوتا اور میری قبر پر بھی کتبہ لگا ہوتا کہ اس کے زمانے میں ڈیفالٹ ہوا۔‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت پر ’اس سے بڑا کیا کرم ہو سکتا ہے کہ ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے۔‘  (24 جولائی، 2023، شہباز شریف فیس بک پیج)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر ملک معاشی طور پر ڈیفالٹ کر جاتا تو ایسا ان کے ’ماتھے پر کالا دھبہ ہوتا۔‘ 

شدید مالی مشکلات سے دوچار پاکستان کو رواں ماہ آئی ایم ایف سے ایک عبوری معاہدے کی صورت میں کچھ ریلیف ملا جس کے بعد ملک کے دیوالیہ یا ڈلفالٹ ہونے کے خطرہ ٹل گیا۔ 

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کو تین ارب ڈالر دینے کے ’سٹینڈ بائی ارینجمنٹ‘ (ایس بی اے) معاہدے کی منظوری دی جس کے بعد اس ماہ کے وسط میں عالمی فنڈ نے1.2 ارب ڈالر پاکستان کو جاری کر دیے تھے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت پر ’اس سے بڑا کیا کرم ہو سکتا ہے کہ ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے۔‘  

انھوں نے کہا کہ اگر ڈیفالٹ ہو جاتا تو پاکستان میں ہمیں روٹی اور دوائی کے لالے پڑ جاتے۔ ’بس اتنا کافی ہے کہ ڈیفالٹ قیامت تک ایک کالہ دھبہ ہوتا جو میرے ماتھے پر اور میری قبر پر بھی کتبہ لگا ہوتا کہ اس کے زمانے (دور حکومت) میں ڈیفالٹ ہوا۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم کہنا تھا کہ اب نہ صرف یہ خطرہ ٹل گیا بلکہ ان کے بقول ملک اب درست سمت میں چل پڑا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے جس میں پاکستانی فوج کے سربراہ بھی شامل ہیں۔  

یہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ نو ماہ کے لیے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت عالمی مالیاتی ادارے سے طے پانے والی شرائط پر من وعن عمل کرے گی۔ 

’سٹینڈ بائی ارینجمنٹ‘ مختصر مدت کے لیے کسی ملک کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آئی ایم ایف کی طرف سے فراہم کی جاتی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کے کچھ مثبت اشارے پاکستان کی معیشت پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں کیوں کہ اس معاہدے کے پاکستان کے دوست ممالک سعودی عرب کی طرف سے دو ارب ڈالر جب کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر فراہم کیے جا چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان