سویڈن کے بعد ڈنمارک: ترکی، مصر سفارت خانوں کے باہر قرآن نذر آتش

اسلام مخالف کارکنوں کے ایک گروپ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں مصر اور ترکی کے سفارت خانوں کے سامنے منگل کو مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو نذر آتش کیا۔

24 جولائی کو یمن کے دارالحکومت صنعا میں مسلمان قرآن کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرے کے دوران ہاتھوں میں قرآن کریم کے نسخے اٹھائے ہوئے ہیں (خالد عبداللہ/روئٹرز)

اسلام مخالف کارکنوں کے ایک گروپ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں مصر اور ترکی کے سفارت خانوں کے سامنے منگل کو مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو نذر آتش کر دیا۔

حالیہ ہفتوں کے دوران سویڈن میں اسی طرح کے واقعات نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔

ڈنمارک اور سویڈن نے کہا ہے کہ وہ اسلام کی مقدس کتاب کو جلانے کی مذمت کرتے ہیں، لیکن آزادی اظہار کے تحفظ کے قوانین کے تحت ان واقعات کو روک نہیں سکتے۔

گذشتہ ہفتے عراق میں مظاہرین نے بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کو آگ لگا دی تھی۔

منگل کو کوپن ہیگن میں ’ڈینش پیٹریاٹس‘ نامی گروپ کی جانب سے قرآن کو نذر آتش کیا گیا۔

اسی گروپ نے پیر کو اور گذشتہ ہفتے عراق کے سفارت خانے کے باہر بھی قرآن کے نسخے جلائے تھے، جب کہ سویڈن میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران ایسے دو واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

عراق کی وزارت خارجہ نے پیر کو یورپی یونین کے ممالک کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قرآن کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی روشنی میں نام نہاد ’اظہار رائے کی آزادی اور مظاہرے کے حق‘ پر فوری طور پر نظر ثانی کریں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترکی نے پیر کے واقعے کو قرآن پر ’قابل نفرت حملہ‘ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور ڈنمارک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلام کے خلاف اس نفرت انگیز جرم کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

مصر کی وزارت خارجہ نے منگل کو ڈنمارک کے ناظم الامور کو طلب کر کے قرآن کی بے حرمتی کی مذمت کی۔

ڈنمارک نے مقدس کتاب جلانے کو ’اشتعال انگیز اور شرمناک حرکت‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے لیکن کہا ہے کہ ان کے پاس غیر متشدد مظاہرین کو روکنے کا اختیار نہیں ہے۔

سویڈن میں قرآن کریم کی بےحرمتی کی پاکستان نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی، جبکہ ملک کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ دوسرے گروہوں نے بھی ان واقعات کے خلاف احتجاج کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا