جی 20 اجلاس: چینی صدر کی بجائے وزیراعظم انڈیا جائیں گے

چین کے صدر شی جن پنگ عالمی رہنماؤں کے اس اجتماع میں شرکت نہیں کر رہے، جس پر ان کے امریکی ہم منصب جو بائیڈن نے مایوسی کا اظہار بھی کیا تھا۔

چین کے وزیراعظم لی چیانگ 18 جولائی 2023 کو بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں امریکہ کے ماحولیات کے سفیر جان کیری کے ساتھ ملاقات میں شریک ہیں (فلورنس لو/پول/ اے ایف پی)

چین کے صدر شی جن پنگ کی بجائے وزیراعظم لی چیانگ رواں ہفتے انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کی وزارت خارجہ میں ترجمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ماؤ ننگ نے ایک پریس ریلیز میں کہا: ’جمہوریہ انڈیا کی حکومت کی دعوت پر ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ نو اور 10 ستمبر کو نئی دہلی، انڈیا میں ہونے والے 18 ویں جی 20 سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔‘

حالیہ دنوں میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ چین کے صدر شی جن پنگ عالمی رہنماؤں کے اس اجتماع میں شرکت نہیں کریں گے، جس پر ان کے امریکی ہم منصب جو بائیڈن نے اتوار کو اس بات پر مایوسی کا اظہار بھی کیا تھا۔

پریس کانفرنس کے دوران جب ماؤ ننگ سے پوچھا گیا کہ کیا اس اعلان کا مطلب یہ ہے کہ شی جن پنگ نئی دہلی کا دورہ نہیں کریں گے تو انہوں نے کہا: ’میں نے اس کے متعلق ابھی اعلان کیا ہے۔ چین کے وزیر اعظم لی چیانگ، جی 20 رہنماؤں کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے ایک وفد کی قیادت کریں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں آپ کو یہ بتا سکتی ہوں کہ جی 20 بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے لیے ایک اہم فورم ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

20 بڑی معیشتوں کا یہ گروپ 19 ممالک اور یورپی یونین پر مشتمل ہے، جو عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 85 فیصد اور دنیا کی آبادی کا دو تہائی بنتا ہے۔

ماؤ ننگ نے مزید کہا: ’چین نے ایسے متعلقہ مواقعوں کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے اور فعال طور پر حصہ لیا ہے۔

’وزیراعظم لی چیانگ اس اجلاس میں جی 20 تعاون کے بارے میں چین کے خیالات اور موقف سے آگاہ کریں گے اور جی 20 پر زور دیں گے کہ تعاون کو مضبوط بنائے اور عالمی اقتصادی اور ترقیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ہم جی 20 رہنماؤں کے سربراہ اجلاس کی کامیابی کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ایک مستحکم عالمی معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے فعال کردار ادا کے لیے تیار ہیں۔‘

امریکی صدر جو بائیڈن نے اتوار کو اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا تھا کہ چینی رہنما شی جن پنگ اس ہفتے انڈیا میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

شی جن پنگ کی شرکت نہ کرنے کے متعلق پوچھے جانے پر جو بائیڈن نے وضاحت کیے بغیر نامہ نگاروں کو بتایا: ’میں مایوس ہوں، لیکن میں ان سے ملوں گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا