طورخم پر کشیدہ حالات، بارڈر آمدورفت کے لیے بند

پولیس حکام کے مطابق ’بارڈر کو پیدل اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند کردیا گیا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘

پاکستان افغان طورخم سرحد پر آج (بدھ) صبح سے شروع فائرنگ کے تبادلے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے بارڈر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

طورخم بارڈر ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے حدود میں واقع ہے۔ لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کے سربراہ ابراہیم خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ افغان طالبان کی بارڈر فورسز کی جانب سے ایک پوسٹ تعمیر کی جا ری تھی جس پر پاکستانی حکام نے حدود کی خلاف ورزی کی شکایت کی تھی۔ 

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بارڈر فورسز کی جانب سے کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا جواب دیا جا رہا ہے اور اس میں پولیس کی نفری کو بھی سٹینڈ بائی کردیا گیا ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ابراہیم کے مطابق ’بارڈر کو پیدل اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند کردیا گیا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘

ابراہیم خان کے مطابق ’پوسٹ پر جاری تعمیراتی کام کو پاکستانی حکام کی جانب سے شکایت کے باوجود نہیں روکا گیا، اسی تعمیراتی کام کی وجہ سے اشتعال انگیزی کی گئی اور اس کا جواب دیا جا رہا ہے۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔‘

کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد طورخم بارڈر پر متعدد بار پاکستانی سکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کی فورسز کے مابین جھڑپیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ 

حالات کشیدہ ہونے کے بعد ماضی میں بھی طورخم بارڈر متعدد بار بند کیا گیا ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان