ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے ریزرو ڈے

پاکستان اور بھارت کے درمیان 10 ستمبر کو کولمبو کے آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کھیلا جانا ہے اور اس دن سری لنکن دارالحکومت میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

2 ستمبر 2023 کو کینڈی (سری لنکا) کے پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ 2023 کے ایک روزہ بین الاقوامی  کرکٹ میچ کے دوران شائقین بارش کے رکنے کا انتظار کر رہے ہیں (اشارا ایس کوڈیکارا / اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں اتوار کو کھیلے جانے والے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے لیے ریزرو ڈے کا اعلان کیا ہے۔ 

پاکستان اور انڈیا کے درمیان 10 ستمبر کو کولمبو (سری لنکا) کے آر پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کھیلا جانا ہے اور اس دن سری لنکن دارالحکومت میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

پی سی بی کے اعلان کے مطابق اگر پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران خراب موسم کی وجہ سے کھیل معطل ہو جاتا ہے تو میچ 11 ستمبر 2023 کو اسی پوزیشن سے جاری رہے گا، جہاں سے اسے معطل کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق: ’ایسی صورت میں ٹکٹ ہولڈرز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے میچ کے ٹکٹ اپنے پاس رکھیں جو کارآمد رہیں گے اور ریزرو ڈے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔‘

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اس سے قبل انتظامیہ نے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے بھی ریزرو ڈے کا اعلان کیا تھا۔

ویب سائٹ نے انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ اگرچہ دونوں میچز کے لیے ریزرو ڈیز رکھے گئے ہیں۔

تاہم کوشش کی جائے گی کہ ان میچز کو ان کے اصل دن مکمل کیا جائے جس کا مطلب یہ ہے کہ ممکنہ خراب موسم کے باعث مقابلے کو مختصر کیا جائے گا بصورت دیگر یہ مقابلہ اگلے روز وہیں سے شروع ہو گا جہاں پر معطل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رواں ایشیا کپ میں جب دونوں حریف ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے ہوئی تو پالی کیلے میں بارش کی وجہ سے اسے منسوخ کرنا پڑا تھا۔

اسی مقام پر نیپال کے خلاف انڈیا کے میچ کو بھی بارش کے باعث مختصر کرنا پڑا تھا۔

اگلے ہفتے کولمبو میں بھی بارش کی پیش گوئی کے ساتھ پی سی بی جو ٹورنامنٹ کا میزبان ہے، کولمبو کے میچوں کو ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا تھا۔

لیکن اے سی سی نے کہا کہ میچ کولمبو میں پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی کھیلے جائیں گے۔

اتوار کو ہونے والے انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ پر بھی بارش کا خطرہ ہے اور کولمبو میں بارش کے 90 فیصد امکانات ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ