ایشیا کپ: افغانستان سپر فور کے لیے کوالیفائی کرتے کرتے رہ گیا

افغانستان کے ہارنے کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کے سپر فور کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں ان دونوں ٹیموں کا مقابلہ پاکستان اور انڈیا سے ہوگا۔

محمد نبی نے پانچ اگست کو لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے خلاف جارحانہ نصف سنچری سکور کی (اے ایف پی)

افغانستان ایشیا کپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے سے صرف چند قدم کی دوری پر رہ گیا جہاں اسے سری لنکا کے خلاف میچ میں دو رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں گروپ بی سے سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں آنے سامنے ہوئیں جہاں افغانستان کو نہ صرف یہ میچ جیتنا تھا بلکہ اپنا رن ریٹ بھی بہتر کرنا تھا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے افغانستان کو جیتنے کے لیے 292 رنز کا ہدف دیا۔ مگر افغانستان کو یہ ہدف 50 اوورز میں نہیں بلکہ 37.1 اوور میں کرنا تھا۔

اس طرح آغاز میں افغانستان کے لیے یہ ہدف حاصل کرنا انتہائی مشکل دکھائی دے رہا تھا وہ بھی تب جب صرف 50 رنز پر ہی اس کی ابتدائی تین وکٹیں گر گئی تھیں۔

مگر افغان بلے بازوں نے ہمت نہیں ہاری اور پہلے رحمت شاہ، کپتان ہشمت اللہ شاہدی اور محمد نبی کی جارحانہ اور محتاط بلے بازی کی بدولت یک دم میچ میں نہ صرف واپسی کی بلکہ ایشیا کپ کے اگلے مرحلے میں جانے کے لیے امیدیں بھی بندھا دیں۔

رحمت شاہ 45، ہشمت اللہ شاہدی کے 59 جبکہ محمد نبی کے شاندار 32 گیندوں پر 65 رنز سے افغانستان کو ایک وقت میں کوالیفائی کرنے کے لیے 19 گیندوں پر 33 رنز درکار تھے جبکہ کریز پر نجیب اللہ زدران اور راشد خان موجود تھے۔

ایسے میں نجیب اللہ نے 15 گیندوں پر 23 اور راشد خان نے 16 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ہدف کو مزید کم کر دیا۔ مگر اس موقع پر نجیب اللہ زدران ایک اونچی شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ وہ لمحہ تھا جب راشد خان نے چارج سنبھالا اور 37ویں اوور میں تین چوکے لگا کر ٹیم کا ہدف ایک گیند پر تین رنز تک لے آئے۔ اس ایک گیند کا سامنا کرنے ان فارم مجیب الرحمان تھے جن کی حالیہ میچوں میں بلے بازی کو دیکھ کر امید تھی کہ وہ یہ تین رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کوالیفائی کروا لیں گے۔

تاہم وہ ایسا نہ کر سکے اور 38ویں اوور کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ایسے میں افغانستان کی کوالیفائی کرنے کی تمام تر امیدیں بھی ان ہی کے ساتھ پویلین لوٹ گئیں۔

مگر افغانستان یہ میچ پھر بھی جیت سکتا تھا کیونکہ اسے اگے 12 اوور اور پانچ گیندوں پر صرف تین رن بنانا تھے۔ لیکن وہ ایسا بھی نہ کر سکے اور سری لنکا سے یہ میچ دو رنز سے ہار گئے۔

سری لنکا اس میچ میں افغانستان کو شکست دینے کے بعد ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش پہلے ہی گروپ بی سے کوالیفائی کر چکا ہے۔

اس طرح سری لنکا اور بنگلہ دیش کا سامنا اب گروپ اے کی دو ٹیموں پاکستان اور انڈیا سے ہوگا۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا پہلا میچ چھ ستمبر یعنی بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ