بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیس کے مطابق کوئٹہ کراچی شاہراہ پر جمعرات کو ایک گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔
مستونگ کے ایس ایچ او جاوید لہڑی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر چوتو کے مقام پر آج دوپہر ایک بجکر 48 منٹ پر اس وقت دھماکہ ہوا، جب جے یو آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر صحت بلوچستان حافظ حمد اللہ وہاں سے گزر رہے تھے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ اس واقعے میں حافظ حمد اللہ سمیت چار افراد زخمی ہوئے، جن میں ان کے دو گن میں اور ڈرائیور شامل ہیں، جبکہ دھماکے سے قریب سے گزرنے والی ایک کوسٹر بھی زد میں آئی، جس میں کچھ افراد زخمی ہوئے، جنہیں نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق دھماکے کے 11 زخمی نواب غوث بخش رٸیسانی ہسپتال مستونگ لائے گٸے، جنہیں طبی امداد کے بعد کوٸٹہ ٹراما سینٹر ریفر کر دیا گیا، جن میں سے ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے بھی دھماکے میں حافظ حمد اللہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں زخمی حالت میں کوئٹہ کے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری جمعرات کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مستونگ دھماکے کے خلاف جمعہ کو کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ’مستونگ واقعے میں حافظ حمد اللہ کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ ہوا۔‘
اس سے قبل انہوں نے حافظ حمد اللہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہماری امن پالیسی کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام کی قیادت وکارکنان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ’اس سے پہلے مستونگ میں مجھ پر بھی حملہ ہوا۔ ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں تو ریاست بھی ہماری حفاظت کرے۔
ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے مجرموں کو گرفتار کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔
بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ علی مردان خان ڈومکی نے مستونگ دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور حکام کو ہدایت کی کہ ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔