ایشین گیمز ویمنز کرکٹ: پاکستان کانسی بھی نہ جیت سکا

چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی۔

فائنل انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا (پی سی بی)

بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم نے  پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز ویمنز کرکٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔

چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کے ویمنز کرکٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی لیکن پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 64 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

جواب میں بنگلہ دیش ویمنز نے مطلوبہ سکور 2۔18 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں شوال ذوالفقار پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔

 پاکستان ویمنز کو دوسرے اوور میں سدرہ امین کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو صرف ایک رن بناسکیں۔

چھٹے اوور میں منیبہ علی صفر پر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی سکور صرف10 رنز تھا۔

عالیہ ریاض دو چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔

صدف شمس 13۔کپتان ندا ڈار 14۔ اور نتالیہ پرویز 11 رنز بنانے میں کامیاب ہوپائیں۔

بنگلہ دیش کی طرف سے شورنا اختر نے16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ سنجیدہ اختر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش ویمنز کی اوپنرز شمیما سلطانہ اور شاتھی رانی نے 27 رنز کا آغاز دیا لیکن اس کے بعد پاکستانی بولرز وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی رہیں تاہم کم سکور ہونے کی وجہ سے وہ تمام تر کوشش کے باوجود بنگلہ دیش کو ہدف تک پہنچنے سے روکنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

شمیما سلطانہ اورشاتھی رانی دونوں تیرہ تیرہ رنز بناکر نمایاں رہیں۔

شورنا اختر نے عمدہ بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی ذمہ داری دکھائی اور 14رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

 نشرہ سندھو 10 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کرکے  سب سے کامیاب بولر رہیں۔

مختصر سکور۔

پاکستان ویمنز64  رنز9 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) عالیہ ریاض17 ۔ندا ڈار14۔ صدف شمس13۔ شورنا اختر `16/ 3 وکٹ۔

بنگلہ دیش ویمنز۔ 65 رنز 5 کھلاڑی  آؤٹ ( 18.2  اوورز )  شورنا اختر14 ناٹ آؤٹ۔شاتھی رانی13 ۔ شمیما سلطانہ 13۔ نشرہ سندھو 10 / 3 وکٹ

سری لنکا سے شکست

اس سے قبل دفاعی چیمپئن پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس وجہ سے اسے آج بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ کرنا تھا۔ فائنل انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اتوار کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں سری لنکا ویمنز نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ دی تاہم پاکستان ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر75 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

سری لنکا ویمنز نے 16.3  اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے شوال ذوالفقار ایک چوکے کی مدد سے 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔منیبہ علی نے 13 اور عمائمہ سہیل نے10 رنز اسکور کیے۔یہی تین کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکیں۔

کپتان ندا ڈار9 عالیہ ریاض2  اور سدرہ امین3 رنز بناپائیں۔

سری لنکا کی طرف سے 38 سالہ  لیفٹ آرم میڈیم پیسر اودیشیکا پرابودھانی نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 17 کے مجموعی اسکور  پر گری جب کپتان اتاپتو14  رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پرڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ انوشکا سنجیووانی کو15  رنز پر ڈیانا بیگ نے آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والی تیسری بیٹر وشمی گونارتنے تھیں جو بغیر کوئی رن بنائے ام ہانی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئیں۔

ہارشیتھا سمارا وکرما اور نیلاکشی ڈی سلوا کی شراکت میں بننے والے 35 رنز نے سری لنکا کی جیت ممکن بنادی۔ سمارا وکرما 23 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں ۔ ڈی سلوا ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

مختصر سکور۔

پاکستان ویمنز 75 رنز9  کھلاڑی آؤٹ ۔( 20 اوورز ) شوال ذوالفقار 16 ۔اودیشیکا پرابودھانی 21/ 3 وکٹ۔

سری لنکا ویمنز۔ 77 رنز4 کھلاڑی آؤٹ (  16.3 اوورز ) ہارشیتھا سمارا وکرما 23 ۔ نیلاکشی ڈی سلوا  18 ناٹ آؤٹ ۔انوشکا سنجیووانی15۔        

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ