نیوزی لینڈ نے انگلینڈ سے پچھلے ورلڈ کپ کا حساب برابر کر دیا

دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم میں ورلڈ کپ 2023 کے ابتدائی میچ میں بظاہر نیوزی لینڈ نے پرانہ حساب برابر کر دیا ہے۔

احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پانچ اکتوبر 2023 کو نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیوون کانوے اور راچن روندرا انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے (روئٹرز انڈریو بوئیرز)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہ دونوں وہی ٹیمیں ہیں جو 2019 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں اور ایک ’متنازع‘ انداز میں انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا تھا۔

تاہم دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم میں ورلڈ کپ 2023 کے ابتدائی میچ میں بظاہر نیوزی لینڈ نے پرانہ حساب برابر کر دیا ہے۔

احمد آباد میں نریندر مودی سٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کی ایک ایسی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس میں نمر آٹھ پر آنے والا کھلاڑی بھی بیٹنگ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

مگر انگلینڈ نے آغاز تو اپنی عین سوچ کے مطابق جارحانہ انداز میں کیا لیکن پھر وہ اسے برقرار نہ رکھ سکا۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ 40 کے مجموعی سکور پر گری اور 188 کے ٹوٹل پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اس طرح انگلینڈ نے جو روٹ کی نصف سینچری اور کپتان جاز بٹلر کے 43 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 283 رنز کا ہدف دیا۔

لیکن اس کے برعکس نیوزی لینڈ نے جس انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور اسے آخر تک لے کر چلا اسے دیکھ کر یقیناً ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی تمام ہی ٹیمیں چونک گئی ہوں گی۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ صرف 10 کے مجموعی سکور پر گری مگر۔۔۔ بس وہی ایک وکٹ ہی گری۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈین پریمیئر لیگ سے فارم لے کر آنے والے ڈیوون کانوے اور نوجوان راچن روندرا نے کیا ہی کمال انداز میں انگلش بولر کا مقابلہ کیا اور انہیں میچ میں آنے کا ایک بھی موقع نہیں دیا۔

دونوں بلے بازوں نے بڑے ہی اطمینان کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کی اور سکور کو ایک لمحے کے لیے بھی رکنے نہ دیا۔

ڈیوون کانوے نے ورلڈ کپ 2023 کی پہلی سینچری سکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا تو ساتھ بیٹنگ کرنے والے راچن روندرا بھی پیچھے نہ رہے اور ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سینچری سکور کر ڈالی۔

دونوں بلے بازوں کی بیٹنگ اپروچ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نیوزی لینڈ نے 10 کے مجموعی سکور پر وکٹ گرنے کے باوجود 36ویں اوور میں ہی 283 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

اس طرح نیوزی لینڈ نے کانوے کے ناٹ آؤٹ 152 اور راچن روندرا کے ناقابل شکست 123 رنز کی بدولت انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں دو پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔

راچن روندرا کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا دوسرا میچ جمعہ کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ