بولٹ کی 200 وکٹیں، نیوزی لینڈ کی جیت کی ہیٹ ٹرک

ناقابل شکست نیوزی لینڈ نے چنئی میں ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے اپنے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔

بنگلہ دیش کے بیٹر توحید ہیرادوئے 13 اکتوبر، 2023 کو چنئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں رن آؤٹ سے بچنے کی کامیاب کوشش کرتے ہوئے (اے پی/ ارنگا جے وردنا)

نیوزی لینڈ نے کین ولیم سن اور ڈیرل مچل کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت چنئی میں ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے ایک میچ میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔

جمعے کو چنئی کے چدمبرم سٹیڈیم میں عالمی کپ کے 11ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش نے مشفیق الرحمان کی عمدہ نصف سینچری کی بدولت نو وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے، جبکہ بلیک کیپس کے سینیئر تیز بولر ٹرینٹ بولٹ نے 200 وکٹیں مکمل کیں، وہ اس سنگ میل کو عبور کرنے والے چھٹے کیوی بولر ہیں۔

تین دن قبل انگلینڈ کے خلاف نصف سینچری بنانے والے مشفیق (66 رنز) نے آج ون ڈے فارمیٹ میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی 48ویں نصف سینچری بنائی۔

انہوں نے 56 رنز پر ابتدائی چار وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شکیب الحسن (40 رنز) کے ساتھ مل کر انتہائی اہم 96 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کو میچ میں واپس آنے میں مدد کی۔

30 ویں اوور میں گرمی کی وجہ سے کریمپس کے شکار شکیب کے آؤٹ ہونے کے بعد مشفیق آخر کار 175 کے مجموعی سکور پر رن ریٹ کو بڑھانے کی کوشش میں میٹ ہنری کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی اننگز میں آٹھویں نمبر پر کھیلنے کے لیے آنے والے محمود اللہ نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے۔

کیویز گیند بازوں میں لوکی فرگوسن نے تین جبکہ بولٹ اور ہنری نے دو، دو اور مچل سینٹنر اور رچن روندرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوزی لینڈ نے 246 رنز کے تعاقب میں 12 رنز کے مجموعی سکور میں رچن کی صورت میں پہلی وکٹ گنوائی، جو تیسرے اوور میں مستفیض کی گیند پر وکٹ کیپر مشفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ڈیون کانوے اور ولیم سن نے دوسری وکٹ کے لیے اچھی پارٹنر شپ دکھائی اور سکور 92 پر پہنچایا، جب کانوے شکیب کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہو گئے۔

اس موقعے پر مچل نے کپتان کا اچھا ساتھ دیا اور دونوں نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

دفاعی چیمپئنز انگلینڈ اور نیدرلینڈز کو پہلے دو میچوں میں ہرانے والی کیوی ٹیم میں ٹخنے کی انجری سے صحت یاب ہونے والے کپتان کین ولیم سن نے آج ذمہ داریاں بخوبی سنبھالیں۔

انہوں نے 246 رنز کے تعاقب میں دو اچھی پارٹنر شپس کرتے ہوئے 107 گیندوں پر 78 رنز بنائے تھے کہ زخمی ہونے پر واپس پویلین چلے گئے۔

ولیم سن کے آؤٹ ہونے کے بعد مچل نے کامیابی سے ٹیم کو وکٹری لائن پار کروائی۔ انہوں نے چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ  89 ناٹ آؤٹ بنائے۔

بنگلہ دیش کی ناکام بولنگ لائن میں مستفیض اور شکین صرف ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ