پاکستان فوج نے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران لیفٹننٹ کرنل سمیت چار اہلکار جان سے گئے۔
بیان کے مطابق انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کی قیادت لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر کر رہے تھے اور آپریشن کے نتیجے میں تین عسکریت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسلام آباد کے رہائشی 43 سالہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت سے نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے رہائشی نائیک رفیق خان اور مری کے رہاشی لانس نائیک عبدالقادر ’شدید فائرنگ کے تبادلے‘ میں جان سے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔‘
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ’لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت دیگر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار‘ کیا۔
حالیہ دنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دو روز قبل ہفتے کو میانوالی میں عسکریت پسندوں نے پاکستان ایئر فورس کی بیس پر حملہ کیا تھا جس میں آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کو ’ناکام بناتے ہوئے تمام نو دہشت گردوں کو مار دیا گیا تھا۔‘
گزشتہ ہفتے ہی گوادر میں سکیورٹی فورسز پر ایک حملے میں 14 سکیورٹی اہلکار جان سے گئے تھے۔