پاکستان کا ورلڈ کپ میں سفر انگلینڈ سے شکست پر ختم

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران انڈیا کے شہر کلکتہ میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی۔

11 نومبر، 2023 کی اس تصویر میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر اور بولر ڈیوڈ ولے پاکستانی بلے باز عبداللہ شفیق کی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے دوران انڈیا کے شہر کلکتہ میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے دی۔

انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 337 رنز بنائے جواب میں پاکستانی ٹیم 43.3 اوورز میں 244 رنز بنا سکی۔

ہفتے کو مغربی بنگال کے شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ابتدائی اوورز میں انگلش بلے بازوں کو شاہین آفریدی کی سوئنگ سمجھنے میں تھوڑی دقت ہوئی لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد جونی بیئرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے تیزی سے رنز بناتے ہوئے 13ویں اوور میں سکور 80 تک پہنچا دیا۔

یہاں پاکستان کو ڈیوڈ ملان کی صورت میں پہلی کامیابی ملی جو افتخار احمد کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

انگلینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جونی بیئرسٹو تھے جو 108 کے مجموعے پر پویلین لوٹے۔

ان کے بعد بین سٹوکس اور جو روٹ نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 132 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ پر انگلینڈ کی گرفت مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

جو روٹ 60 اور بین سٹوکس 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے انگلش بلے بازوں نے بھی تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں کے باوجود پاکستان کو 338 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ نے یہ سکور نو وکٹوں کے نقصان پر بنایا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 64 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد وسیم اور شاہین آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز ہوا تو وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ عبداللہ شفیق اور فخر زمان صفر اور ایک کے رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے تھوڑی مزاحمت تو دکھائی لیکن انگلینڈ کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرتے پاکستانی ٹیم ایک کے بعد ایک وکٹ کھوتی رہی۔

پاکستان کی طرف سے آغا سلمان 51 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

پاکستان کی پوری ٹیم  43.3 اوورز میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے محمد وسیم اور حارث رؤف نے دسویں وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنا کر میچ کو تھوڑا دلچسپ تو بنایا لیکن اوپر کے بلے بازوں کی جلد بازی کے سبب میچ کا نتیجہ پاکستان کے خلاف رہا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولے تین جبکہ عادل رشید، گس ایٹکنسن اور معین علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ ولے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ