کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی مگر ہم عادی ہو چکے ہیں: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے ہفتے کو ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

بلاول بھٹو نے ہفتے کو پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا (تصویر: پاکستان پیپلز پارٹی/ ایکس)

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہفتے کو ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ لگانے والوں کا چہرہ سامنے آ گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پیپلز پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا ان کا چہرہ بھی سامنے آ گیا وہ نہ تو ووٹ کی عزت کرتے ہیں اور نہ ان کو گورننس کرنا آتی ہے، وہ اب مہنگائی لیگ بن چکے ہیں۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کا نام لیے بغیر مزید کہا کہ ’وہ حکومت میں آ کر صرف اشرافیہ اور امیروں کا سوچتے ہیں جبکہ ہم پسماندہ طبقے اور عام آدمی کے لیے سوچتے ہیں۔‘

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’پیپلز پارٹی کی مخالف غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے، کوئی ایسی سیاسی جماعت نہیں جسے ہم پیپلز پارٹی کا مخالف سمجھیں۔‘

انہوں نے ایک بار پھر شکوہ کیا کہ ان کی جماعت کو کبھی لیول پلیئنگ فلیڈ نہیں ملی۔ ’اگر آج بھی کوئی وزیراعظم بننا چاہتا ہے تو ہم مقابلہ کر کے دکھائیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اگر کسی کو لگتا ہے کہ وہ زور زبردستی کسی کو وزیراعظم بنا سکتے ہیں تو یہ ان کی غلطی فہمی ہے۔ پیپلز پارٹی کو کبھی بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ہم اس کے عادی ہو چکے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اب ایک بار پھر میدان جنگ سجنے والا ہے، انتخابات کا میدان سجنے والا ہے۔ ہم تیر کے نشان پر جیتیں گے اور اقتدار میں آکر اس ملک کی خدمت کریں گے۔‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست