گانچھے سے اسلام آباد تک گھوڑے پر سفر کا ریکارڈ بنانے کی خواہش

سیاچن کے ضلع گانچھے کے نواحی گاؤں گلشن کبیر سے راولپنڈی کا سفر جسے گانچھے کے رہائشی موسیٰ علی گھوڑے پر طے کرنے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

موسیٰ علی پولو کے کھلاڑی ہیں جو 13 نومبر 2023 کو اپنے گھوڑے پر راولپنڈی تک کا سفر کر کے سال کا ایک ریکارڈ قائم کرنے کے غرض سے سفر پر نکلے ہیں۔

16 نومبر 2023 کو وہ گانچھے سے سکردو پہنچے جہاں موسٰی علی کا لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ یہاں کے رہائشیوں نے موسٰی علی کو ہار پہنائے اور نعرے لگائے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے موسیٰ علی نے بتایا کہ ’میں سیاچن کے نواحی گاؤں گلشن کبیر سے تعلق رکھتا ہوں۔ یہ میرا بچپن سے خیال تھا لیکن موقع نہیں ملا۔ اللہ کا شکر ہے اب موقع ملا۔ میرے پاس گھوڑا بھی ہے۔ ہمارے باپ دادا کا بھی گھوڑا تھا۔‘

موسیٰ علی نے بتایا کہ انہیں یہ شوق اس لیے آیا کہ گھوڑے پر یہ کام ان کے خیال میں کسی نے نہیں کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ’ادھر سے لوگوں نے موٹر سائیکل، سائیکل، جہاز اور کاروں پر سفر کیا لیکن یہ چیز آج تک کسی نے نہیں کی۔ میں آنے والی نسلوں کو ایک پیغام دینے نکلا ہوں۔‘

موسیٰ علی نے اپنے سفر کے حوالے سے بتایا کہ ’انشااللہ میں کوہستان چلاس روڑ، کے کے ایچ سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچوں گا۔ راستے میں کوئی انٹرویو لے رہا ہے۔ کوئی چائے پلا رہا ہے۔ کوئی سیب کھلا رہا ہے۔ کوئی گھوڑے کو بھی سیب کھلا رہا ہے۔

’اس طرح خدمت کرتے ہوئے آج تک کسی ہوٹل پر میں نہیں دیکھا۔ سب کے تعاون سے یہاں تک آیا ہوں۔ امید ہے اگلا راستہ بھی خوشی خوشی گزرے گا۔ میں پرجوش اور موسم سے لطف اندوز ہوتے ہوئے چل رہا ہوں۔ میں نے بیگ میں گھوڑے کے لیے خوراک بھی رکھی ہوئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے خیال آیا کہ میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لے کر اپنے ملک اور گلگت بلتستان کا نام روشن کروں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین