پرتھ ٹیسٹ: عامر جمال کی چھ وکٹیں، پاکستان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ

پاکستان نے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عامر کی چھ وکٹوں اور بلے بازوں کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی مدد سے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے دن دو وکٹوں پر 132 رنز بنا لیے۔

پاکستان کے عامر جمال 15 دسمبر، 2023 کو پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے ایلکس کیری کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (اے پی)

پاکستان نے جمعے کو ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عامر جمال کی چھ وکٹوں اور بلے بازوں کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی مدد سے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے دن دو وکٹوں پر 132 رنز بنا لیے۔

آج کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کو 355 رنز کی برتری حاصل ہے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو اوپنر امام الحق 38 رنز اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد سات رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

نئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود 30 رنز کی اننگ کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے آج مثبت بلے بازی کی لیکن دوسرے دن کے اختتام پر ان کی وکٹ گر گئی جس کی وجہ سے پاکستانی بیٹنگ کو تیسرے دن مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

عبداللہ شفیق اور امام الحق نے آج اننگز کا آغاز کیا تو 74 کے مجموعی سکور پر نیتھن لائن کی گیند پر عبداللہ 42 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عامر کے لیے یادگار لمحہ اس وقت آیا جب انہوں نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو آؤٹ کر کے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے لائن کو بھی آؤٹ کر دیا۔

وہ پہلی اننگز میں آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور میچل سٹارک کو آؤٹ کر چکے تھے۔

عامر جمال ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے 14 ویں پاکستانی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل پاکستان کے عارف بٹ، محمد نذیر، شاہد نذیر، محمد زاہد اور شاہد آفریدی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

عامر نے چھ وکٹوں کے عوض 20.2 اوورز میں 111 رنز دیے۔ آج آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 113.2 اوورز میں 487 رنز بنا سکی۔

وارنر 164 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے اور میچل مارش نے 90 رنز بنائے جبکہ ٹریوس ہیڈ 40، عثمان خواجہ 41 اور الیکس کیری 34 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی خرم شہزاد نے بھی نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 22 اوورز میں 83 رنز کے عوض دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آسٹریلوی سپنر ناتھن لائن ٹیسٹ کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے کے بہت قریب چکے ہیں۔ وہ اس سنگ میل کو حاصل کرنے سے صرف تین وکٹوں کے فاصلے پر ہیں۔

عامر جمال کون ہیں؟

27  سالہ عامر کا تعلق پنجاب کے شہر میانوالی کے گاؤں کلور شریف سے ہے۔

ان کے والد کا میانوالی میں ٹرانسپورٹ کا کاروبار ہے جبکہ عامر اپنے خاندان میں کرکٹ کھیلنے والے پہلے فرد ہیں۔

انہیں ہارڈ بال کرکٹ نے 2010 میں اسلام آباد میں اپنی جانب کھینچا۔ اس سے پہلے وہ میانوالی میں ٹینس بال کے ساتھ شوقیہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔

والدین نے انہیں اپنی پڑھائی پر توجہ دینے کا کہنا لیکن انہوں نے واپس اسلام آباد آ کر کلب کرکٹ شروع کر دی۔

وہ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بھی لیگ کرکٹ کھیل چکے ہیں، اسی لیے انہیں شاید آسٹریلیا کے حالات کا اچھا اندازہ تھا۔

عامر نے اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کے پہلے ہی اوور میں بھی وکٹ لی تھی جب انھوں نے اپنی دوسری گیند پر انگلش بلے باز سیم کرن کو آؤٹ کیا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں: 

https://www.whatsapp.com/channel/0029VaBsPzJ2ER6hrUL1sM0P

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ