کاکروچ مارنے کی کوشش میں جاپانی شخص نے گھر دھماکے سے اڑا لیا

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بہت زیر بحث رہا جس میں بہت سے صارفین کو ان حالات میں مذاق سوجھنے لگا، کسی نے لکھا: ’کاکروچ زہر سے نہیں، ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو کر مرا۔‘

جاپان میں اپنے اپارٹمنٹ میں ایک شخص نے ایک کاکروچ کو دیکھا اور اس کو مارنے کی غرض سے کیڑے مار دوائی کا بڑے پیمانے پر چھڑکاؤ کر دیا (پیکسلز)

جاپان میں ایک 54 سالہ شخص نے کاکروچ مارنے کی کوشش میں غلطی سے اپنے اپارٹمنٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔

رپورٹس کے مطابق انہوں نے 10 دسمبر کو کیڑے مار دوا کا بےدریغ استعمال کیا تھا جس سے ان کے اپارٹمنٹ میں رات کے 12 بجے دھماکہ ہوا۔ یہ اپارٹمنٹ کیوشو نامی جزیرے میں کواموٹو میں واقع ہے جو ہیروشیما کے جنوب مغرب میں 230 میل کے فاصلے پر ہے۔

جاپانی اخبار مینیچھی نے رپورٹ کیا کہ پولیس کے مطابق شخص کو معمولی نوعیت کے زخم آئے تاہم اس کے جاپانی ہیٹنگ ٹیبل کوٹاسو کے نزدیک جلنے کے نشانات پائے گئے۔

شہر کے علاقے چوو وارڈ میں قائم اپارٹمنٹ میں اس نامعلوم شخص نے ایک کاکروچ دیکھا اور اس کو مارنے کی غرض سے کیڑے مار دوائی کا بڑے پیمانے پر چھڑکاؤ کر دیا۔

کوماکوٹو پریفیکچرل پولیس کے مطابق ایک لمحے کے بعد ہی اپارٹمنٹ میں دھماکہ ہو گیا۔

دھماکہ اس شدت سے ہوا کہ بالکونی میں کھڑکی بھی ٹوٹ گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جاپان کے نیشنل کنسیومر افیئرز سینٹر کو اس نوعیت کی متعدد شکایات موصول ہوتی ہیں جن میں بجلی کے کنکشن کے آوٹ لیٹس کے قریب سپرے کیا جاتا ہے۔

سٹرئٹ ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ مختلف کیڑے مار دوائیوں کی کمپنیوں کے مطابق بجلی کے کنکشن کے آوٹ لیٹس کے قریب سپرے کرنا خطرناک ہوسکتا ہے اور چوٹ کا خدشہ رہتا ہے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بہت زیر بحث رہا جس میں بہت سے صارفین کو ان حالات میں مذاق سوجھنے لگا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے انسٹاگرام پر پوچھا: ’لیکن کیا کاکروچ مر گیا؟‘

ایک اور صارف نے کاکروچ کو کچل کر مارنے کا طریقہ بہترین گردانا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے ایکس پر لکھا: ’کیا آپ کو یقین ہے؟ وہ (کاکروچ) اس سے بھی بدتر حالات میں زندہ بچ جاتے ہیں۔‘

کسی اور نے لکھا: ’کاکروچ زہر سے نہیں، ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو کر مرا۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا