غزہ پر حملہ: الجزیرہ اور اے ایف پی کے دو صحافی جان سے گئے

الجزیرہ ٹی وی کے صحافی حمزہ وائل الدحدوح اور اے ایف پی کے سٹنگر مصطفیٰ ثریا اس وقت جان سے گئے جب وہ ایک کار میں جا رہے تھے۔

غزہ کی وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینی علاقے میں دو صحافی جان سے چلے گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ویڈیو سٹرنگر مصطفیٰ ثریا اور الجزیرہ ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے صحافی حمزہ وائل الدحدوح اس وقت جان سے گئے جب وہ کار میں جا رہے تھے۔

حمزہ کے والد وائل الدحدوح غزہ میں الجزیرہ کے بیورو چیف ہیں۔ وہ حال ہی میں اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے۔

وائل الدحدوح کی بیوی اور دو بچے اسرائیلی جارحیت کے ابتدائی ہفتوں میں ایک حملے میں مارے گئے تھے۔

مصطفیٰ 2019 سے اے ایف پی کے ساتھ کام کر رہے تھے۔ نیویارک میں قائم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق سات اکتوبر کو اسرائیلی حملے  شروع ہونے کے بعد سے 31 دسمبر تک کم از کم 77 صحافی اور میڈیا کارکن جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں سے 70 فلسطینی، چار اسرائیلی اور تین لبنانی تھے۔

اے ایف پی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اتوار کو آٹھ افراد کی جان گئی جن میں سے چھ فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے فضائی حملے میں نشانہ بنایا۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے مغربی کنارے میں تشدد اس حد بڑھ چکا ہے جو دو دہائیوں میں نہیں دیکھا گیا۔

اسرائیلی افواج مقبوضہ علاقے میں باقاعدگی سے چھاپے مارنے میں مصروف ہیں۔ خاص طور جنین اور اس سے ملحقہ پناہ گزین کیمپ میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رام اللہ میں قائم فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام وزارت صحت نے کہا کہ ’جنین میں شہریوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی بمباری میں چھ افراد کی جان گئی۔‘

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ جنین پناہ گزین کیمپ میں ایک کارروائی کے دوران ایک خاتون اسرائیلی پولیس افسر ماری گئیں۔

پولیس کے مطابق: ’پولیس افسر ایک آپریشنل گاڑی میں سوار تھیں جس پر بم حملہ کیا گیا۔‘ اس حملے میں تین دوسرے پولیس افسر زخمی ہوئے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے اتوار کو علی الصبح اطلاع دی کہ جنین میں بڑی تعداد میں اسرائیلی فوج تعینات کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ  غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں گذشہ 24 گھنٹے کے دوران کم از کم 113 فلسطینیوں شہریوں کی جان گئی جب کہ ڈھائی سو زخمی ہوئے۔

وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 22 ہزار 835 فلسطینی شہر جان سے جا چکے ہیں اور 58 ہزار 416 شہری زخمی ہوئے۔


مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا