غزہ میں سکول پر اسرائیلی بمباری، الجزیرہ کا صحافی جان سے گیا

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق سامر ابو دقہ اپنے بیورو چیف کے ہمراہ خان یونس کے ایک سکول میں تھے جب اسرائیلی فضائی حملے میں وہ جان سے گئے جبکہ ان کے بیورو چیف زخمی ہو گئے۔

الجزیرہ عربی ٹی وی کے صحافی سامر ابو دقہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک سکول پر اسرائیلی حملے کی کوریج کے دوران جان سے چلے گئے۔  

الجزیرہ کے مطابق سامر جمعے کو اپنے بیورو چیف وائل الدحدوح کے ساتھ خان یونس کے فرحانہ سکول پر پہلے فضائی حملے کی کوریج کر رہے تھے، جب دونوں صحافی ایک اور اسرائیلی میزائل حملے کا شکار بنے۔

وائل الدحدوح کو بازو پر زخم آئے اور وہ ناصر ہسپتال پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ 

تاہم سامر کئی گھنٹوں تک سکول میں پھنسے رہے۔ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کی وجہ سے طبی عملہ ان اور دوسرے متاثرہ افراد تک نہیں پہنچ پا رہا تھا۔

عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ سکول کے اطراف کے علاقے میں شدید گولہ باری کی گئی۔ وائل الدحدوح نے خبردار کیا تھا کہ سامر شدید زخمی ہیں۔

اکتوبر میں اسرائیلی جارحیت شروع ہونے کے بعد سے غزہ کے وسطی اور شمالی علاقوں کے بہت سے فلسطینی شہریوں نے خان یونس میں پناہ حاصل کی ہے۔

اسرائیل کی خان یونس میں فوجی کارروائیاں تیز ہونے کے بعد اب بہت سے لوگوں کو غزہ کے جنوبی ترین شہر رفح کی طرف دھکیل دیا گیا۔

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

روئٹرز نیوز سروس کے مطابق رہائشیوں نے شمالی غزہ میں شیجایا، شیخ رضوان، زیتون، تفح اور بیت حنون، وسطی غزہ میں مغازی کے مشرق میں اور خان یونس کے مرکز اور شمالی کنارے میں لڑائی کی اطلاع دی۔

اکتوبر کے آخر میں وائل الدحدوح نے اپنے خاندان کے چار افراد کو اسرائیلی فضائی حملے میں کھو دیا تھا۔

ان کا خاندان غزہ کے وسط میں واقع نصیرات کیمپ میں پناہ کی تلاش میں تھا جب اسرائیلی فورسز نے ان کے گھر پر بمباری کی، جس میں ان کی اہلیہ ام حمزہ، ان کا 15 سالہ بیٹا محمود، سات سالہ بیٹی شام جان سے گئے اور ان کا پوتا آدم ہسپتال میں گھنٹوں بعد فوت ہوا۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (ایف آئی جے) نے اس حملے پر ’صدمے‘ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم حملے کی مذمت کرتے ہیں اور اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کی جانوں کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا