عثمان خان کی سینچری، کراچی کنگز کو کراچی میں لگاتار تیسری شکست

عثمان خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے لیے سینچری سکور کی اور کراچی کنگز کے لیے جیت کا راستہ مشکل بنا دیا۔

ملتان سلطانز کے عثمان خان نے کراچی کنگز کے خلاف سینچری سکور کی (پی سی بی)

پاکستان سپر لیگ نو کے کراچی میں کھیلے جانے والے اب تک کے تینوں میچوں میں کراچی کنگز کو ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے اور اس بار ہرانے والی ٹیم ملتان سلطانز تھی۔

کراچی کنگز کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اب ملتان سلطانز کے خلاف بھی شکست ہوئی ہے۔

یہ ملتان سلطانز کی اس ٹورنامنٹ میں چھٹی فتح تھی جس کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہی موجود ہے اور وہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ 

ملتان سلطانز نے عثمان خان کی عمدہ سینچری اور کپتان محمد رضوان کی ایک اور نصف سینچری کی بدولت 190 رنز کا ہدف دیا تو کراچی کنگز جواب میں سات وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بنا سکی۔

اس ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کو اب تک صرف پشاور زلمی کے ہاتھوں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اس نے باقی تمام ٹیموں کے خلاف کراچی، ملتان اور لاہور میں کھیلے جانے والی میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

کراچی کنگز کے خلاف اس میچ میں بھی بلے بازوں کے بعد بولرز کے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا جیسا کہ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں کرتے آئے ہیں۔

کپتان شان مسعود اور شعیب ملک کراچی کنگز کے لیے نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے بالترتیب 36 اور 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اس میچ کے لیے کراچی کنگز کے پاس ان کے سٹار بلے باز کیرون پولارڈ بھی نہیں تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملتان سلطانز کی بولنگ کی بات کی جائے تو کپتان محمد رضوان نے چھ بولرز استعمال کیے جن میں سے پانچ نے وکٹیں حاصل کیں جبکہ صرف فیصل اکرم وہ واحد بولر تھے جو کوئی وکٹ نے لے سکے۔

ڈیوڈ ولی، محمد علی، ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے کرس جورڈن اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک جبکہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسامہ میر نے اس میچ میں بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وہ اب تک اس پی ایس ایل میں 15 وکٹیں لے چکے ہیں۔

ملتان سلطانز کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو اس ٹورنامنٹ میں ان کی بیٹنگ نے کہیں بھی مایوس نہیں کیا ہے۔ اس میچ میں بھی انہوں نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے جس میں عثمان خان کی پانچ چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے بنائی گئی ناقابل شکست سینچری اور محمد رضوان کے 58 رنز کی اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔

عثمان خان نے 59 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ