پاکستانی وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کی شب سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کے ساتھ بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کی موجودگی میں افطار بھی کیا۔

 

اس موقع پر مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسی بن محمد العبیان، وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر بن الخریف بھی موجود تھے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق افطار کے بعد دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ ’ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد  کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔‘

 بیان کے مطابق وزیراعظم نے ’خادم حرمین شریفین  شاہ سلمان کی صحت کے لیے دعاء اور نیک خواہشات کا اظہار کیا‘ اور سعودی حکام کی جانب سے اپنے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔

’دونوں رہنماؤں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور

دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف ہفتے کی رات مدینہ میں گزارنے کے بعد اتوار کو مکہ پہنچ گئے۔

مکہ کے ریلوے سٹیشن پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ان کا استقبال کیا۔

شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وفاقی کابینہ کے ارکان اسحاق ڈار، خواجہ آصف، محمد اورنگزیب، عبدالعیم خان، عطااللہ تارڑ اور احد چیمہ شامل ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق: ’وزیراعظم نے سنیچر کی شب مسجد نبوی میں عشاء کی نماز اور نوافل ادا کیے اور روضۂ رسول پر حاضری بھی دی۔‘

’انہوں نے امت مسلمہ اور قوم کی ترقی وخوش حالی کے لیے دعائیں کیں۔انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔‘

چار مارچ کو پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم بننے کے بعد وزارت خارجہ کے مطابق شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ وہ سعودی عرب میں چھ سے آٹھ اپریل تک قیام کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان