سابق برطانوی کرکٹر این بوتھم مگرمچھوں کے جھنڈ سے بچ کر نکل آئے

شمالی آسٹریلیا میں مچھلی کا شکار کرتے ہوئے این بوتھم مگرمچھوں سے بھرے پانی میں گر گئے لیکن لوگوں کی مدد سے بخیریت باہر نکل آئے۔

کرکٹ لیجنڈ سر این بوتھم کو حال ہی میں اس وقت بچایا گیا جب وہ غلطی سے آسٹریلیا میں مگرمچھوں سے بھرے پانی میں گر گئے تھے (سر این بوتھم انسٹاگرام)  

کرکٹ لیجنڈ سر این بوتھم کا حال ہی میں آسٹریلیا کے شمالی علاقے میں مچھلی پکڑنے کے دوران مگرمچھوں سے بہت قریب سے سامنا ہوا، جب کہ ان کے ایشز کے سابق حریف میور ہیوز بھی ان کے ساتھ تھے۔

’بیفی‘ کے نام سے مشہور کرکٹر سر این بوتھم حادثاتی طور پر مگرمچھوں سے بھرے پانی میں گر گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی چپل کشتی پر چڑھتے وقت ایک رسی میں پھنس گئی تھی۔

62 سالہ ہیوز نے بوتھم کو پانی سے نکلنے میں مدد کی، جس کے باعث وہ ممکنہ خطرے سے بچ گئے، تاہم انگلینڈ کے سابق عالمی لیجنڈ کو چوٹیں آئیں۔

این بوتھم نے کہا: ’میں جتنی تیزی سے پانی میں گیا، اس سے بھی زیادہ تیزی سے باہر آیا۔ پانی میں کئی آنکھیں مجھے دیکھ رہی تھیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’خوش قسمتی سے مجھے یہ سوچنے تک کا وقت نہیں ملا کہ پانی میں کیا موجود تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ بھی اطلاع ملی کہ اس کشتی کے قریب بیل شارکس بھی تیر رہی تھیں، جس پر بوتھم اور ہیوز موجود تھے۔

بوتھم نے کہا: ’لوگ بہترین تھے، یہ بس ایک حادثہ تھا۔ یہ سب بہت جلدی ہوا اور اب میں ٹھیک ہوں۔‘

بوتھم اور ہیوز 1980 کی دہائی میں ایشز کے دوران میدان میں سخت حریف مشہور تھے۔

این بوتھم نے ہیوز کے ایک اوور میں 22 رنز بنائے تھے، جو اس وقت کے ایشز ٹیسٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تھا۔

53 ٹیسٹ میچوں کے کیریئر میں 212 وکٹیں لینے والے ہیوز نے اپنے اس ریکارڈ پر شرمندگی کا اظہار ’دی میچ آف مائی لائف: دی ایشز‘ میں کیا تھا۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی دونوں اپنی دوستی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

وہ دونوں اگلی بارڈر گواسکر ٹرافی کی کمنٹری بھی مل کر کریں گے، جو آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان 22 نومبر کو پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ سے شروع ہو گی۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ