رضوان اور سلمان کی سینچریاں، جنوبی افریقہ سہ فریقی سیریز سے باہر

پاکستان نے رضوان اور سلمان آغا کی ذمہ درانہ سینچریوں کی مدد سے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے ہرا کر سہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

پاکستان کے محمد رضوان اور سلمان علی آغا 12 فروری، 2025 کو کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف رن لیتے ہوئے (اے پی)

پاکستان نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی ذمہ درانہ سینچریوں کی مدد سے بدھ کو کراچی میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے ہرا کر سہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

جنوبی افریقہ نے آج پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 352 رنز بنائے، جس کے جواب میں رضوان اور سلمان نے اکیلے ہی اپنی ٹیم کو فنش لائن پار کرا دی۔ پاکستان کا یہ اپنا ریکارڈ رن چیس ہے۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات نیوزی لینڈ کے خلاف پیر کو لاہور میں اپنے ون ڈے ڈیبیو میں سینچری بنانے والے میتھیو برٹزک کی شاندار بلے بازی رہی۔ 

وہ اپنے دو ابتدائی ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سینچری اور نصف سینچری سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
 
26 سالہ برٹزک نے کیویز کے خلاف 150 رنز کی شاندار اننگز کے بعد آج کراچی میں 84  گیندوں پر 83 رنز کی ایک اور عمدہ باری کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے۔ 
 
انہوں نے 1978 میں ویسٹ انڈین بیٹر ڈیسمنڈ ہینز کے ابتدائی دو میچوں میں بنائے گئے 195 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ وہ خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
 
پاکستانی بولنگ اٹیک جنوبی افریقی بلے بازوں کو بڑا سکور بنانے سے روکنے میں ناکام رہا۔ کپتان تیمبا باوُوما (82 رنز) اور ہینرک کلاسین نے جارحانہ (87 رنز) نے بھی میزبان ٹیم کو ساڑھے تین سو سے زیادہ رنز کا ہدف دینے میں کردار ادا کیا۔
 
اوپننگ جوڑی میں باوُوما اور ٹونی ڈی زورزی (22) نے 51 رنز کی شراکت بنائی جب کہ بعد میں باوُوما اور برٹزک نے 119  رنز کی دوسری وکٹ کی پارٹنرشپ بنائی۔ باوُوما 96 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
 
 
کلاسین نے جنوبی افریقی اننگز کی رفتار کو تیز کیا اور 56 گیندوں پر 87 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ 
 
جنوبی افریقی ٹیم نے آخری 10 اوورز میں 110 رنز بنائے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 66  رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان نے 353 رنز کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا۔ سینیئر بیٹر بابر اعظم نے فخز زمان کے ساتھ چھ اوورز میں سکور 57 رنز تک پہنچا دیا، جب بابر ویان ملڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

انہوں نے 19 گیندوں پر 23 رنز بنائے، جس میں چار چوکے شامل تھے۔
 
پاکستان کے تعاقب کو اس وقت دہرا دھچکہ لگا جب 10ویں اور 11ویں اوور میں سعود شکیل (15 رنز) اور فخر پویلین لوٹ گئے۔
 
فخر نے 28 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ 91 پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان محمد رضوان نے محتاط انداز میں سلمان آغا کے ہمراہ اننگز کو آگے بڑھایا۔
 
دونوں نے کسی موقعے پر سکور کرنے کے مواقعوں کو ضائع نہیں کیا اور جنوبی افریقی بولرز ان کے آگے بے بس نظر آئے۔
 
دونوں بیٹرز نے آخری اوورز میں جیت کو آسان بنا دیا۔ 49ویں اوور میں آخر کار سلمان لنگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
 
انہوں نے 103 گیندوں پر 134 رنز بنائے، جن میں 16 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ رضوان 122 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 128 گیندوں پر نو چوکے اور تین چھکے لگائے۔
 
یہ سہ فریقی سیریز اگلے ہفتے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کی تیاری کے طور پر منعقد کی جا رہی ہے۔
 
جمعے کو پاکستان اور نیوزی لینڈ اس سیریز کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ