پوپ فرانسس کے جانشین کے انتخاب کے لیے نہ کوئی باضابہ انتخابی مہم جاری ہے، نہ امیدواروں کی فہرست، اور نہ ہی انتخابی عمل کے بارے میں کوئی معلومات منظر عام پر آئی ہیں، اس لیے رواں ہفتے شروع ہونے والے کونکلیو کے بعد نئے پوپ کے انتخاب کے حوالے سے تمام باتیں محض قیاس آرائیاں ہی ہیں۔
تاہم، فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق: ذیل میں 15 ایسے کارڈینلز کے نام دیے جا رہے ہیں جنہیں پوپ فرانسس کے ممکنہ جانشینوں میں شمار کیا جا رہا ہے اور انہیں خطوں کے اعتبار سے تقسیم کیا گیا ہے۔
ایشیا
لوئس انتونیو ٹیگل، عمر 67 سال، فلپائن سے تعلق رکھنے والے سابق میٹروپولیٹن آرچ بشپ آف منیلا ہیں۔ انہیں ایشیا سے پوپ کے ممکنہ جانشینوں میں سرفہرست قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹیگل، جو پوپ بننے کے لیے ایشیا کے نمایاں امیدوار سمجھے جاتے ہیں، پرکشش اور معتدل شخصیت کے حامل ہیں جنہوں نے چرچ کی کوتاہیوں، خصوصاً بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات، پر کھل کر تنقید کرنے سے گریز نہیں کیا۔
انگریزی زبان پر عبور رکھنے والے اور سوشل میڈیا پر سرگرم ٹیگل ایک توانا مقرر ہیں، جن کی باتوں میں خود پر ہنسنے کا سلیقہ بھی شامل ہوتا ہے۔ وہ پوپ فرانسس کی طرح غریبوں، مہاجرین اور محروم طبقات کے بڑے وکیل ہیں۔
افریقہ
پیٹر ٹرکسن، عمر 76 سال، گھانا سے تعلق رکھنے والے سابق آرچ بشپ آف کیپ کوسٹ ہیں، اور انہیں افریقی براعظم سے پوپ کے ممکنہ امیدواروں میں ایک نمایاں اور تجربہ کار شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
افریقہ سے تعلق رکھنے والے چرچ کے بااثر ترین کارڈینلز میں سے ایک، پیٹر ٹرکسن کا کئی برسوں سے ذکر بطور ممکنہ پہلے سیاہ فام پوپ کیا جا رہا ہے۔
انہیں پوپ جان پال دوم نے 2003 میں کارڈینل مقرر کیا۔ کئی زبانوں پر عبور رکھنے والے ٹرکسن مختلف مواقع پر پوپ کے ایلچی اور ثالث کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں جنوبی سوڈان بھی شامل ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یورپ
یورپ سے کئی بااثر کارڈینلز پوپ فرانسس کے ممکنہ جانشین سمجھے جا رہے ہیں۔ 70 سالہ پیئیترو پیرو لین، ویٹیکن کے سابق سکریٹری آف سٹیٹ، سب سے مضبوط امیدوار مانے جاتے ہیں۔
60 سالہ پیئر بتیستا پیزابالا مشرق وسطیٰ کے نمایاں کیتھولک راہنما ہیں۔ 69 سالہ ماتیو ماریا زپی امن سفارت کاری اور سماجی انصاف کے حامی ہیں۔ 69 سالہ کلاڈیو گوگروتی مشرقی کلیساؤں کے ماہر اور سابق ویٹیکنی سفیر ہیں۔ 66 سالہ ژاں مارک آوی لین بین المذاہب مکالمے اور پناہ گزینوں کی حمایت کرتے ہیں۔
75 سالہ اندرس آربوریلیوس سخت مذہبی مؤقف کے باوجود مہاجرین کے حامی ہیں۔ 68 سالہ ماریو گریچ اعتدال پسند اور مفاہمتی رویے کے حامل ہیں۔ 72 سالہ پیٹر اردو قانون کے ماہر اور قدامت پسند نظریات کے حامل ہیں۔ 66 سالہ ژاں کلود ہولرش یسوعی پس منظر اور نوجوانوں کی شمولیت کے داعی ہیں۔
امریکہ
69 سالہ رابرٹ فرانسس پریواسٹ، شکاگو سے تعلق رکھنے والے ایک تجربہ کار امریکی راہب ہیں، جنہوں نے کئی سال پیرو میں مشنری خدمات انجام دیں۔ 2023 میں انہیں نئے بشپ مقرر کرنے والے ویٹیکن ادارے کا سربراہ اور کارڈینل بنایا گیا، اور وہ لاطینی امریکہ کے لیے پونٹفیکل کمیشن کے صدر بھی ہیں۔
75 سالہ ٹموتھی ڈولن، نیویارک کے آرچ بشپ، ایک خوش مزاج اور پراثر آئرش نژاد امریکی ہیں۔ وہ قدامت پسند نظریات کے حامل اور اسقاط حمل کے سخت مخالف ہیں۔ میلواکی میں جنسی اسکینڈل کے بعد انہوں نے بحران سنبھالا، اور نیویارک میں چرچ کی گرتی رکنیت کے باوجود ہسپانوی کیتھولک کمیونٹی سے تعلق مضبوط بنایا۔