پاکستان میں 70 کے قریب مفت آپریشن کرنے والے فلسطینی ڈاکٹرز

امریکہ میں مقیم فلسطینی نژاد ڈاکٹر، سرجن اور دیگر طبی ماہرین پاکستان کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں طبی علاج کے ساتھ ساتھ مختلف مفت پیچیدہ آپریشنز کر کے مقامی افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

فلسطینی نژاد امریکی ڈاکٹر، سرجن اور دیگر طبی ماہرین گذشتہ چند ہفتوں کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں 70 کے قریب آپریشن کر چکے ہیں۔

فلسطین کے یہ طبی ماہرین عالمی تنظیم ’فجر‘ کے زیر اہتمام پاکستان میں موجود ہیں۔

فجر نامی تنظیم کے مطابق امریکہ میں مقیم فلسطینی نژاد ڈاکٹر، سرجن اور دیگر طبی ماہرین پاکستان کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں طبی علاج کے ساتھ ساتھ مختلف مفت پیچیدہ آپریشنز کر کے مقامی افراد کی مدد کر رہے ہیں۔

تنظیم کے مطابق ان طبی ماہرین نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مظفر آباد سمیت لاہور اور کراچی کے متعدد ہسپتالوں میں اب تک تقریباً 70 آپریشن کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ کچھ ہسپتالوں میں بچوں کے امراض قلب کی سرجری کے لیے جدید طریقے اپنائے گئے جو پاکستان میں پہلی بار متعارف کروائے گئے ہیں۔

فلسطینی خاندان سے تعلق رکھنے والے ممتاز ہڈیوں کے ماہر سرجن اور فجر نامی تنظیم کے بانی چیئرمین ڈاکٹر خالد جے صالح نے فلسطینی نژاد ماہر ارضیات (جیو فزسسٹ) ڈاکٹر مصعب ناصر کے ساتھ مل کر 2022 میں فجر سائنٹیفک المعروف فجر کے نام سے ایک غیر منافع بخش تنظیم کا قیام کیا تھا۔

یہ تنظیم کم وسائل والے علاقوں میں اہم سرجری کی سہولیات فراہم کرنے اور پائیدار صحت کا نظام بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

ڈاکٹر مصعب ناصر غزہ کے علاقے بیت حانون میں پلے بڑھے۔

کراچی کے موسیٰ لین میں واقع بلقیس ایدھی ہسپتال میں ایک مریض کی سرجری کے بعد انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد جے صالح نے کہا کہ چند پیچدہ آپریشنز کے لیے فجر کی ایک 45 رکنی ٹیم نے پاکستان کے مختلف ہسپتالوں میں آپریشنز کا آغاز کیا ہے۔

ان کے مطابق اس ٹیم میں ڈاکٹرز، سرجنز، پیرامیڈکس سمیت طبی ماہرین شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈاکٹر خالد جے صالح بتاتے ہیں کہ ’ہم پاکستان میں کولہے اور گھٹنے کی ہڈی کی تبدیلی کے لیے جدید آپریشنز کر رہے ہیں۔ ان آپریشنز کے لیے امریکی ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز میں استعمال ہونے والے جدید سرجیکل سامان اپنے ساتھ لائے ہیں۔

’اب تک ہم نے پاکستان میں مختلف اقسام کے 70 سے زائد آپریشن کیے اور یہ تمام آپریشنز اور علاج بالکل مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔‘

ڈاکٹر خالد جے صالح کے مطابق عام طور پر کولہے اور گھٹنے کی ہڈی کے آپریشن کے بعد مریض کی صحت کی بحالی میں کئی دن لگ جاتے ہیں، مگر فجر کے ماہرین کی جانب سے جدید طریقوں سے علاج کے بعد مریض تین دن میں چلنے پھرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

بقول ڈاکٹر خالد جے صالح: ’فجر کی ٹیم نے مظفر آباد، لاہور اور کراچی کے متعدد ہسپتالوں میں یہ آپریشنز کیے ہیں۔ جن میں خواتین کی کچھ پیچیدہ بیماریوں کے آپریشنز، امراض چشم اور بچوں کے امراض قلب کے آپریشن شامل ہیں۔

’حال ہی میں فجر کی ٹیم کے ڈاکٹرز اور سرجنز نے کراچی کی سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) کے پیڈراٹک کارڈیالوجی میں بچوں کی 11 سرجریز کیں، جن کے لیے جدید طریقے کا استعمال کیا گیا، جو اس سے پہلے پاکستان میں کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔‘

اتنے بڑے پیمانے پر مفت سرجریز کے لیے پاکستان کا انتخاب کیوں کیا؟ اس سوال کے جواب میں ڈاکٹر خالد جے صالح نے کہا کہ ’پاکستان کا انتخاب اس لیے کیا کیوں کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینوں کا بڑا سپورٹر رہا ہے۔ پاکستان ہرحال میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

’اس کے علاوہ فجر میں پاکستانی طبی ماہرین کی بہت بڑی تعداد ہے۔ اس لیے فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں علاج شروع کیا جائے، اس لیے ہم پاکستان آگئے۔ پاکستان آکر مفت علاج کرنے پر ہمیں بہت فخر ہے۔‘

غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور مسلح حملوں کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کے علاج کے لیے فجر نے 2023 میں غزہ میں متعدد مریضوں کے آپریشنز کے ساتھ طبی امداد بھی فراہم کی تھی۔

بقول ڈاکٹر خالد جے صالح: ’میں نے مغربی کنارے پر 1948 میں رہائش پذیر خاندان کے فرد کی حیثیت سے ہمیشہ صاحبِ استطاعت اور بنیادی سہولیات سے محروم افراد میں فرق کیے بغیر عالمی سطح پر ایک ہی انسانیت کی خدمت کا عزم کیا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کی طبی سہولیات ہر انسان کا حق ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی صحت