مسقط: تہران کے جوہری پروگرام پر ایران، امریکہ مذاکرات کا چوتھا دور آج

بات چیت کا چوتھا دور اس وقت شروع ہو رہا ے جب واشنگٹن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے دورے سے قبل اپنے مؤقف میں سختی لا رہا ہے۔

11 مئی 2025 کو ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے فراہم کردہ اس ہینڈ آؤٹ تصویر میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو مسقط پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایران اور امریکہ 11 مئی کو مسقط میں اپنے چوتھے دور کے جوہری مذاکرات کا آغاز کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ایران اور امریکہ کے اعلیٰ مذاکرات کار اتوار کو تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازعات پر بات چیت کا چوتھا دور شروع کررہے ہیں تاکہ ایسے وقت میں پیش رفت کی جا سکے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے دورے سے قبل واشنگٹن اپنے مؤقف میں سختی لا رہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اگرچہ تہران اور واشنگٹن دونوں کا کہنا ہے کہ وہ اس دہائیوں پرانے تنازع کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کئی بنیادی نکات پر شدید اختلاف رکھتے ہیں جنہیں نظرانداز کیے بغیر کوئی نیا جوہری معاہدہ طے پانا اور مستقبل کی فوجی کارروائی سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور صدر ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے نمائندے سٹیو وٹکوف چوتھا دور مسقط میں عمان سے تعلق رکھنے والے ثالثوں کے توسط سے کریں گے۔ واشنگٹن نے عوامی سطح پر جو سخت مؤقف اختیار کیا ہے وہ ایرانی حکام کے مطابق مذاکرات میں مددگار نہیں ہوگا۔

وٹکوف نے جمعرات کو بریٹ بارٹ نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی سرخ لکیر ہے کہ ’کوئی افزودگی نہیں۔ اس کا مطلب ہے مکمل خاتمہ، کوئی اسلحہ سازی نہیں۔‘ جس کے تحت نطنز، فردو اور اصفہان میں ایران کی جوہری تنصیبات کا مکمل خاتمہ درکار ہے۔

وٹکوف کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’اگر اتوار کو بات چیت نتیجہ خیز نہ ہوئی، تو یہ جاری نہیں رہے گی اور ہمیں کوئی دوسرا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔‘

ٹرمپ، جنہوں نے سفارت کاری کی ناکامی کی صورت میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دی ہے، 13 سے 16 مئی کے دوران سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اتوار کو امریکہ کے ساتھ چوتھے دور کی جوہری بات چیت کے لیے عمان روانہ ہو گئے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں کہا کہ مذاکرات دوپہر کے قریب مسقط میں شروع ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا ’ایک تکنیکی ٹیم مسقط میں موجود ہے تاکہ ضروری مشاورت فراہم کی جا سکے۔‘

ادھر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکہ کے ساتھ جوہری بات چیت کا چوتھا دور ’فیصلہ کن مرحلے‘ تک پہنچے گا۔

عراقچی نے مسقط روانگی سے قبل ویڈیو بیان میں کہا: ’ہم نے آج صبح تہران میں مزید مشاورت کی اور اس دور میں ہم امید کرتے ہیں کہ ایک فیصلہ کن مقام حاصل ہو جائے گا۔ یورینیم کو افزودہ کرنے صلاحیت ایرانی قوم کا ایک فخر اور کامیابی ہے جس پر بات چیت نہیں ہو سکتی.‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا